MPCC Urdu News 9 Feb 24

مہاراشٹر میں غنڈہ اراج، حکومت کو برخاست کرکے صدر راج نافذ کیا جائے: نانا پٹولے

کانگریس کے وفد کا ریاست میں امن و امان کے مسئلےپر آج گورنر سے ملاقات

وزیر داخلہ فڈنویس نااہل، مایوس اور بے بس ہیں، وہ آدمی اور کتے میں فرق نہیں سمجھتے

حکومتی تحفظ سے سرحد پار غنڈوں کے حوصلے بڑھے، سیاسی مداخلت اور دباؤ کی وجہ سے پولیس بھی کمزور ہوگئی

ممبئی:مہاراشٹر میں لا اینڈ آرڈر کی دھجیاں اڑ چکی ہیں۔ غنڈوں کو قانون وپولیس کا اب کوئی ڈر نہیں رہ گیا ہے۔ کلیان میں پولیس اسٹشن میں فائرنگ کےبعد اب جلگاؤںاور ایوت محل میں بھی فائرنگ کے واقعات ہوئے اور اب ممبئی میں ایک سابق کارپوریٹر کے قتل کے واقعے نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔یہ مہاراشٹر کے لیے نہایت سنگین اور تشویشناک بات ہے۔ وزیر اعلیٰ کے’ورشا‘ بنگلے کے ساتھ ساتھ منترالیہ میں بھی غنڈے بے خوف دندناتے گھوم رہے ہیں۔ تڑی پار غنڈوں کو حکومتی سرپرستی اور سیاسی مداخلت و دباؤ کی وجہ سے پولیس بے بس ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے اور اس غنڈہ راج کو ختم کرنے کے لیے مہایوتی حکومت کو برطرف کرتے ہوئے صدر راج نافذ کیا جائے۔

تلک بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے بی جے پی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کے باوجود وزیر داخلہ دیویندر فڈنویس اسے سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔ انہوں نے یہ غیر ذمہ دارانہ بیان دے کر اپنی بے بسی اور مایوسی کا اظہار کیا ہے کہ ’’اگر ایک کتا بھی گاڑی کے نیچے آجائے تو اپوزیشن استعفیٰ کا مطالبہ کرنے لگتا ہے ‘‘۔ کیا فڈنویس کو انسان اور کتے کا فرق بھی نہیں معلوم؟ این سی آر بی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی حکومت کے دور میں جرائم کے معاملے میں مہاراشٹر ملک میں پہلے نمبر پر ہے۔ غیر قانونی بندوقوں کے معاملے میں ناگپور پہلے نمبر پر ہے، اس کے بعد تھانے، ممبئی اور پونے ہیں۔ ناگپور میں منعقدہ اسمبلی کے اجلاس کے دوران میں نے یہ اعداد و شمار کے ساتھ پیش کیا تھا۔ریاست میں مٹھائی کی طرح ہتھیاروں کے لائسنس بانٹےجا رہے ہیں۔ ریاست بھر میں شرپسندوں کو پولس تحفظ دیا جا رہا ہے۔ کچھ کرپٹ اور داغدار آئی پی ایس افسران کو اصول وضوابط کو بالائے طاق رکھ کر پرموشن دیا گیاہےجبکہ ایماندار اور وفادار افسران کو سائیڈ لائن کیا جا رہا ہے۔ پولیس فورس شدید سیاسی مداخلت اور دباؤ کے باعث کوئی کارروائی نہیں کر پا رہی ہے ۔غنڈوں نے حکومت اور انتظامیہ کے لیے بڑا چیلنج کھڑا کر دیا ہے۔ چھترپتی شیواجی مہاراج، شاہو، پھلے اور امبیڈکر کے مہاراشٹر میں پہلے کبھی ایسی صورتحال نہیں تھی۔ اگر وزیر داخلہ دیویندر فڈنویس میں تھوڑی سی بھی اخلاقیات اور شرم باقی بچی ہے تو انہیں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔

پٹولے نے مزید کہا کہ بی جے پی مہاراشٹر میں غنڈہ راج لادیاہے۔ حکمراں پارٹی کے لیڈران مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں۔ مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔ریاست کے لوگ خوفزدہ ہیں۔خواتین غیر محفوظ ہیں۔ دونوں نائب وزیر اعلیٰ کی نظریں وزیر اعلیٰ کی کرسی پر جمی ہوئی ہیں اور اقتدار کی کشمکش کی وجہ سے مہاراشٹر کے مفادات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔نانا پٹولے نے یہ بھی کہا کہ تینوں پارٹیوں کے درمیان اقتدار کی لڑائی میں لوگوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading