ہندوستان کے مایہ ناز کرکٹر اس وقت کرکٹ کے میدان سے دور ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں زخمی ہونے کے بعد سے اب تک وہ پوری طرح فٹ نہیں ہوئے ہیں، اس کی وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں نہیں کھیل سکے تھے۔ کرکٹ سے دور رہنے کے باوجود آج رویندر جڈیجہ سرخیوں میں ہیں۔ اس کی وجہ ہے ان کے والد کے کچھ ایسے بیانات جس نے گھر کے اندر کی کئی باتیں باہر نکال دی ہیں۔
دراصل رویندر جڈیجہ کے والد انیرودھ جڈیجہ نے حیرت انگیز انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیٹے رویندر اور بہو ریوابا کے ساتھ ان کا کوئی رشتہ نہیں ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی بتایا کہ رویندر جڈیجہ اور ریوابا جڈیجہ کی شادی کے کچھ ہی ماہ بعد ان کے گھر میں مسائل شروع ہو گئے تھے۔ انیرودھ نے تو اپنے بیٹے کو بہو کا غلام بھی بتا ڈالا۔
ہندی اخبار ’دینک بھاسکر‘ کو دیے گئے انٹرویو میں انیرودھ سنگھ جڈیجہ نے یہ انکشافات کیے ہیں۔ انھوں نے بہو ریوابا پر الزام عائد کیا ہے کہ اس کی وجہ سے ہی گھر میں دراڑ پیدا ہو گئی۔ ایک شہر میں رہنے کے باوجود انھیں اپنے بیٹے سے ملنے کا موقع نہیں ملتا۔ انٹرویو کے دوران انیرودھ نے کہا کہ ’’میں سچ بتا دوں، روی (رویندر جڈیجہ) یا ان کی بیوی ریوابا جڈیجہ کے ساتھ میرا کسی بھی طرح کا کوئی رشتہ نہیں ہے۔
ہم انھیں نہیں بلاتے، اور وہ ہمیں نہیں بلاتے۔ روی کی شادی کے دو تین ماہ بعد ہی تنازعات ہونے لگے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’پتہ نہیں بیوی نے اس پر کیا جادو کر دیا ہے۔ اس سے تو اچھا ہوتا کہ وہ شادی نہ کرتا۔ اچھا ہوتا اگر وہ کرکٹر نہ بنتا۔ پھر ہم اس حالت میں نہیں ہوتے۔‘‘