ممبئی: ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر وسابق وزیر محمد عارف نسیم خان اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر مغربی بنگال کے چار روزہ دورے پر ہیں جہاں انہوں نے پرزور طریقے سے انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے ریاست کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ متحد ہوکر بی جے پی کو ایسی شکشت سے دوچار کریں کہ وہ دوبارہ کسی دیگر ریاست میں فرقہ پرستی کی مہم چلانے کی ہمت نہ کرسکے۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے مغربی بنگال میں ووٹوں کے پولرائزیشن کے لیے فرقہ پرستی کی مہم چلارکھی ہے جس سے ریاست میں قومی یکجہتی کا تانا بانا بری طرح متاثر ہورہا ہے۔نسیم خان کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے لیے اسکریننگ کمیٹی میں شامل کرنے کے ساتھ انہیں آسام ومغربی بنگال کے لیے اپنے اسٹار پرچارک کی لسٹ میں بھی شامل کیا ہے۔ اپنے چار روزہ دورے میں نسیم خان کولکاتا سمیت دیگر شہروں میں انتخابی جلسوں میں حصہ لیے رہے ہیں۔
مغربی بنگال انتخابات کی حقیقی صورت حال کے بارے میں جب نسیم خان سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کولکاتا سمیت پورے مغربی بنگال میں بی جے پی نے ووٹوں کے پولرائزیشن کی زبردست کوشش کی ہے مگر یہاں کی عوام کے رجحان کو دیکھتے ہوئے یہ بات یقین سے کہی جاسکتی ہے کہ بی جے پی کی تمام تر کوششیں ناکام ثابت ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جے یہاں دو سو سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کررہی ہے وہ اس کی حد سے زیادہ خوش فہمی ہے جس کا اسے ۲ مئی کو اندازہ ہوجائے گا۔ سچائی یہ ہے کہ بی جے پی کو ہرانے کے لیے یہاں کی عوام پوری طرح متحد ہوچکی ہے اور ان کی پوری کوشش ہے کہ بی جے پی کو ہرانے کے لیے جہاں جو امیدوار مضبوط ہے اسے کامیاب کیا جائے۔ نسیم خان نے کہا کہ یہاں کی انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے میری یہی کوشش ہے کہ جس طرح بھی ممکن ہو بی جے پی کو کمزور کیا جائے۔ اس لیے میں یہاں کی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بی جے پی کو اس بری طرح سے شکشت سے دوچار کریں کہ وہ کسی دیگر ریاست میں فرقہ پرستی کی بنیاد پر ووٹوں کے پولرائزیشن سے توبہ کرلے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو شکشت دینا اور اسے کمزورکرنا نہ صرف مغربی بنگال بلکہ پورے ملک میں امن وامان اور قومی یکجہتی کے لیے انتہائی ضروری ہے اور عوام کو اس کے لیے متحدہ ہوکر کوشش کرنی چاہیے۔
جیوتی باپھلے وڈاکٹر امبیڈکر کی یومِ پیدائش کے موقع پر کانگریس کی ریاست گیر بلڈ ڈونیشن کیمپ
ممبئی: ریاست میں خون کی قلت کے پیشِ نظر ریاستی کانگریس نے جیوتی باپھلے وڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کی یومِ پیدائش کے موقع پر ریاست گیر خون کے عطیہ کا کیمپ کا فیصلہ کیا ہے، جس میں اضلاع وتعلقہ جات کے صدردفتر میں صبح ۹سے12بجے تک بلڈڈونیشن کیپ کا انعقادکیا جائے اور اس میں پارٹی کے عہدیداران وکارکنان بڑی تعداد میں شریک ہونگے۔ آئین ہند کے تخلیق کار بھارت رتن ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کی 130ویں یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ریاستی کانگریس نے 14/اپریل کو ورچوئیل پروگرام کا انعقاد کیا ہے۔ کورونا کی صورت حال کے پیشِ نظر مرکزی وریاستی حکومت کی ہدایات کی وجہ سے جلسے وجلوسوں پر پابندی کی وجہ سے یہ ورچوئیل پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔ ریاستی صدر ناناپٹولے کی صدارت میں ہورہے اس ورچوئیل پروگرام میں راجیہ سبھا کے حزبِ مخالف لیڈر ملکا رجن کھڑگے، ریاست میں کانگریس کے انچارج ایچ کے پاٹل، سابق وزیراعلیٰ سوشیل کمار شندے، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری مکل واسنک مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہونگے۔ ریاست کے کانگریسی وزراء وآل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹی، ریاست میں کانگریس کے نائب انچارج وغیرہ اس پروگرام میں شریک رہیں گے۔ ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر چندرکانت ہنڈورے وپسماندہ جماعت شعبے کے ریاستی صدر وجیے امبھورے نے عوام سے اس ورچوئیل پروگرام میں بڑی تعداد میں شریک ہونے کی اپیل کی ہے۔