ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس اسمبلی انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ اس کے تحت ریاستی کانگریس کے تمام اہم لیڈران 10 اگست سے مراٹھواڑہ اور ودربھ کا دورہ کریں گے۔ ریاستی انچارج رمیش چنیتھلا سمیت ریاست کے سینئر لیڈران ضلع وار میٹنگ کریں گے اور اضلاع کا جائزہ لیں گے۔ اس دورے میں انچارج رمیش چنیتھلا، ریاستی صدر نانا پٹولے، کانگریس کے لیڈر بالاصاحب تھورات، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری مکل واسنک، اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹی وار، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، اسمبلی میں گروپ لیڈر ستیج عرف بنٹی پاٹل، ریاستی ورکنگ صدر اور سابق وزیر نسیم خان، سابق وزیر امیت دیشمکھ ضلع وار میٹنگ کریں گے اور کانگریس لیڈروں اور عہدیداروں سے بات چیت کریں گے
نیز انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔اس طرح کی اطلاع ناندیڑ کے رکن پارلیمنٹ وسنت راو چوہان نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں دی۔ا س موقع پرناندیڑ حلقہ جنوب کے رکن اسمبلی موہن انا ہمبرڈے ‘ بٹ موگریکر‘ بی آر کدم ‘ عبدالستار ‘بی آر کدم ‘ منتجب الدین ‘ کے علاوہ دیگر کانگریسی لیڈران موجود تھے ۔انھوں نے مزید بتایا کہ ناندیڑ میں پروگرام کی تیاریاں جاری ہیں۔ بی آرکدم نے کہا کہ اب تک ناندیڑضلع کے چھ حلقوں کیلئے کانگریس پارٹی کے پاس بڑی تعدادمیں خواہشمندوں نے ٹکٹ کیلئے درخواستیں دی ہیں۔
اسلئے ریاستی لیڈران کی ناندیڑ آمد کے موقع پر ان ناموں پرغور وخوص کیا جائے گا۔ناندیڑحلقہ جنوب سے آج موہن اناہمبرڈے نے دوبارہ امیدواری مانگی ہے جبکہ سابقہ وزیر ڈی پی ساونت نے ناندیڑحلقہ شمال سے ٹکٹ دینے کامطالبہ کیا ہے۔سال گزشتہ وہ اسی سیٹ سے الیکشن لڑے تھے مگر کچھ ہزاروں ووٹوں کی کمی سے ہار گئے تھے۔
دریں اثنا ممبئی سے ملی تفصیل کے مطابق ریاستی نائب صدر نانا گاونڈے نے بتایا کہ مراٹھواڑہ دورے کے تحت 10 اگست کو لاتور میں دھاراشیو، بیڑ و لاتور اضلاع کی میٹنگ، 11 اگست کو ناندیڑ میں ناندیڑ کے علاوہ پربھنی اور ہنگولی اضلاع کی میٹنگ اور12 اگست کو چھترپتی سمبھاجی نگر میں چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ ضلع کی میٹنگ، 13 اگست کو بلڈھانہ میں اکولہ اور واشیم اضلاع کی میٹنگ اور 14 اگست کو امراوتی میں ایوت محل اور امراوتی اضلاع کی میٹنگ منعقد ہوگی۔