اسمبلی انتخابات میں مہایوتی کو لگے گا بڑا جھٹکا: نانا پٹولے
مہاوکاس اگھاڑی میں کوئی بھی پارٹی ’چھوٹا بھائی، بڑا بھائی‘ نہیں ہے۔ ایم وی اے ہی اسمبلی انتخابات کا چہرہ ہے
اسبملی انتخابات کے لیے منشور تیار کرنے کی ذمہ داری سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان پر، وہ تمام طبقات سے بات چیت کے بعد ایک جامع منشور تیار کریں گے
ممبئی: مہاراشٹر کی عوام نے لوک سبھا انتخابات میں مہایوتی کو زبردست جھٹکا دیا ہے۔ خود کو وشو گرو کا درجہ دینے والے نے ریاست میں 17 عوامی جلسے بھی کیے لیکن عوام نے انہیں مسترد کر دیا۔ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کہہ رہے ہیں کہ لوگ بھول جاتے ہیں لیکن مہاراشٹر کے خوددار لوگ مہاراشٹرا کو گجرات کو بیچنے کے مہایوتی حکومت کے گناہ کو نہیں بھولے ہیں۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ اس بار کے اسمبلی انتخابات میں عوام مہایوتی کو شکست دے کر ان کے ساتھ کی گئی دھوکہ دہی کا حساب برابر کریں گے۔
بدھ کو گاندھی بھون میں کانگریس کےلیڈران کی میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں ریاستی صدر نانا پٹولے، بالاصاحب تھورات، اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹی وار، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، ریاستی کارگزار صدر اور سابق وزیر نسیم خان، سابق وزیر ڈاکٹر نتن راؤت، نائب صدر نانا گاونڈے اور چیف ترجمان اتل لونڈھے موجود تھے۔
میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی میں کوئی بھی پارٹی بڑا یا چھوٹا بھائی نہیں ہے۔ نشستوں کی تقسیم کا فیصلہ میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ ہم اس الیکشن کا سامنا مہاوکاس اگھاڑی کے طور پر کررہے ہیں اور وزیر اعلیٰ کے عہدہ کا فیصلہ انتخابات کے بعد ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ این سی پی-ایس پی کے صدر اور رکن پارلیمنٹ شرد پوار کا بھی یہی موقف ہے۔ نانا پٹولے نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں سیٹوں کی تقسیم پر ابتدائی بات چیت ہوئی اور ریاست کے مختلف مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ انتخابی منشور کی تیاری کی ذمہ داری سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان کو دی گئی ہے جو ریاست کے مختلف طبقات سے صلاح ومشورہ کے بعد ایک جامع منشور تیار کریں گے۔
شیوسینا-یو بی ٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کے دہلی دورے پر بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ پہلی بار دہلی نہیں گئے ہیں۔ وہ پہلے بھی دہلی کا دورہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے دہلی میں کانگریس کے سینئر لیڈروں اور سونیا گاندھی سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات سے کوئی مختلف معنی اخذ کرنے کی ضرورت نہیں۔ سونیا گاندھی ملک کی ایک اہم لیڈر ہیں۔ وہ ایک ایسی لیڈر ہیں جنہوں نے وزیراعظم کا عہدہ ٹھکرا دیا تھا۔ ان کی قیادت میں کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت ملک میں دو بار برسراقتدار رہی۔ اگر ادھو ٹھاکرے ہمارے لیڈروں سے مل رہے ہیں تو اس میں غلط کیا ہے؟ نانا پٹولے نے کہا کہ جب سیٹ شیئرنگ کے حوالے سے حتمی میٹنگ ہوگی تو ادھو ٹھاکرے اور شرد پوار کے ساتھ بات چیت ہوگی۔
لا اینڈ آرڈر پر بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ ریاست میں لا اینڈ آرڈر برائے نام بھی نہیں ہے۔ بی جے پی حکومت غنڈہ گردی اور ڈرگ مافیا کو پناہ دینے والی حکومت بن چکی ہے۔ حکمراں پارٹی کا ایک ایم ایل اے تھانے میں گولی چلاتا ہے اور دوسرا گنیش اتسو میں گولی چلاتا ہے۔ تاجر کو دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ ریاست کی 15 ہزار لڑکیاں اور خواتین لاپتہ ہیں۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے یہ بھی کہا کہ تلوجہ جیل میں قیدیوں کو فائیو اسٹار سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جس کا صاف مطلب ہے کہ مہایوتی حکومت غنڈوں کی پشت پناہی والی حکومت ہے۔