کانگریس کل اسمبلی انتخابی مہم کا آغاز کرے گی: اتل لونڈھے
ممبئی: کانگریس اور مہا وکاس اگھاڑی اسمبلی انتخابات میں مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اتری ہیں اور کانگریس پارٹی کل 6 نومبر کو اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کل بدھ کے روز مہاراشٹر کے دورے پر آئیں گے۔ وہ دوپہر 1 بجے ناگپور میں ’سنویدھان سمان‘ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اس پروگرام میں آئین کے تحفظ اور اس کی اہمیت کے بارے میں گفتگو کی جائے گی۔
اسی دن شام 5 بجے ممبئی کے باندرہ کُرلا کمپلیکس میں مہا وکاس اگھاڑی کی ’مہاراشٹر سوابھیمان سبھا‘ منعقد کی جائے گی۔ اس سبھا میں کانگریس اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی ’گارنٹیوں‘ کا اعلان کرنے جا رہی ہے، جس کے ذریعے عوام سے مختلف وعدے کیے جائیں گے۔ اس بارے میں ریاستی کانگریس کے ترجمان اتل لونڈھے نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑا پروگرام ہوگا جس میں ایم وی اے کے اہم رہنما شریک ہوں گے۔
تِلک بھون میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اتل لونڈھے نے مزید کہا کہ بی کے سی کی اس سبھا میں کانگریس پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا کے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، این سی پی-ایس پی کے صدر شرد پوار، شیو سینا-یوبی ٹی کے صدر ادھو ٹھاکرے، کانگریس کے صوبائی صدر نانا پٹولے، اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بالاصاحب تھورات اور دیگر اہم لیڈران موجود ہوں گے۔ یہ تمام لیڈران مل کر مہاراشٹر کے عوام کو ایم وی اے کی گارنٹیوں سے عوام کو روشناش کرائیں گے۔
اتل لونڈھے نے کہا کہ کانگریس عوامی آگاہی کے ذریعے مہا یوتی کی بدعنوانی کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایکناتھ شندے-بی جے پی-اجیت پوار اتحاد کی حکومت نے مہاراشٹر کو گجرات کے سپرد کر دیا ہے، جسے مہا وکاس اگھاڑی واپس لائے گی۔ اسی کے ساتھ ہی بی جے پی کے جھوٹے بیانیے کا مؤثر جواب بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کرناٹک اسمبلی سے اپنی گارنٹیوں کا آغاز کیا ہے اور ان پر عملدرآمد بھی شروع ہو چکا ہے۔ تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے بھی گارنٹیوں کا اعلان کیا ہے اور ان کی عملدرآمد کی تفصیلات اخبارات میں شائع ہوئی ہیں۔ اتل لونڈھے نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ بی جے پی کے جھوٹے بیانیے کے خلاف درست معلومات فراہم کریں گے تاکہ اس سے عوام گمراہ نہ ہو۔ کانگریس کا مقصد عوام کے مسائل کا حل پیش کرنا ہے اور انہیں بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ صحیح انتخاب کر سکیں۔
