کورونا بحران کے دوران بھی ریاست کی معاشی ترقی اطمینان بخش: نانا پٹولے
ممبئی:۵ مارچ۲۰۲۱
کورونا بحران کے دوران ملک بھر کے تمام شعبے بری طرح متاثر ہوئے۔ کاروبار ٹھپ ہوگئے لیکن زرعی سیکٹر میں کاکردگی کا مظاہرہ امید افزا ہے۔ اس دگرگوں حالات میں بھی ریاست کی معاشی ترقی اطمینان بخش ہے۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کہی ہیں۔واضح ہو کہ اسمبلی میں آج ریاست کی معاشی صورت حال ۲۰۲۰۔۲۱کی رپورٹ پیش ہوئی جس پر ناناپٹولے اپنے ردعمل کا اظہار کررہے تھے۔
ناناپٹولے نے کہا کہ کورونا بحران کے دوران مرکز کی جانب سے مالی تعاون نہ ملنے، صحت کی سہولیات کی عدم فراہمی نیز ۱؍لاکھ ۵۶ ہزار کروڑ کا کم محصول ہونے کے باوجود ۳۱ لاکھ ۴ ہزار کسانوں کو ۱۹؍ہزار ۸۴۷کروڑ روپئے کا قرض معاف کیاگیا۔ اس کے علاوہ کسانوں سے ۱۰؍لاکھ لیٹر دودھ کی یومیہ خریداری کے ذریعے کسانوں کو راحت دی گئی۔ سروس و مینوفیکچرنگ کے شعبے میں بھی کورونا وباکی مار پڑنے کے باوجود ریاست کے محنتی کسانوں نے ۱۱ء۷ فیصد شرح نمو کے ساتھ معیشت کو ترقی دی۔ اسی کے ساتھ اس بات پر بھی فخر ہے کہ ریاست نے کورونا بحران سےنمٹنے میں پٹرول وڈیژل پر کسی طرح کا کوئی ٹیکس نہیں لگایا۔ ان لاک کرتے ہوئے کاروبار وصنعت کو جلد از جلد شروع کرنے کے لیے اپنے وطن لوٹ چکے مزدوروں ومحنت کشوں کو واپس آنے کی ترغیب دی۔ ریاستی صدر نے کہا کہ گوکہ بجٹ میں بھی یہ دشواریاں نظر آرہی ہیں،مگر اس بات کے واضح اشارے بھی مل رہے ہیں کہ آنے والے مالی سال میں مرکز کے عدم تعاون کے باوجود ، مہاوکاس آگھاڑی حکومت بھرپور طریقے سے کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور ریاست کی معیشت کو بحال کرے گی۔
پٹولے نے کہا کہ کورونا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہونے والی معاشی بدحالی پر غور کرتے ہوئے محکمہ ریونیو نے اسٹامپ ڈیوٹی میں 3 فیصد کی کمی کی تھی۔ اس سہولت کی وجہ سے مکانات کی خریداری میں اضافہ ہونے کے ساتھ ہی تعمیرات کے شعبے کو بھی فروغ ملا اور ریاست کے خزانے میں بھی محصول جمع ہوا۔ اس اسکیم کے نتیجے میں ، ستمبر سے دسمبر کے چار ماہ کے دوران ۲۰۱۹ کے مقابلے میں رجسٹریشن کی تعداد میں 48 فیصد کا اضافہ ہوا۔ دسمبر 2019 میں 2 لاکھ 39 ہزار 292 رجسٹریشن کے ساتھ آمدنی میں 2،712 کروڑ روپے کا محصول حاصل ہوا جبکہ دسمبر 2020 میں 4 لاکھ 59607 رجسٹریشن ہوا اور محصول 4 ہزار 314 کروڑ روپے رہا۔ دسمبر میں رجسٹریشن میں تقریباً ۵۹ فیصد اضافہ ہوا۔ اس فیصلے سے تعمیراتی شعبے کو بھی فروغ ملا اور روزگار بھی پیدا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ بحران کے دوران تمام کاروبار ٹھپ ہونے کی وجہ سے ریاست کی آمدنی بھی متاثر ہوئی۔ اس کے باوجود مرکزی حکومت نے ریاست کے واجبات کی ادائیگی تک نہیں کی۔ مالی سال 2020-21 میں ریاست کو مرکز سے 80،164 کروڑروپے ملنے باقی ہیں۔ جبکہ اس رقم میں آدیواسی محکمہ کی اسکیموں کے لئے موصول ہونے والی رقم شامل نہیں ہے۔ اس کے علاوہ جی ایس ٹی کے واپسی کی رقم وقت پر ادا نہیں کی جارہی ہے۔
MPCC Urdu News 5 March 21.docx
