زرعی زمین کے لیے فوری طور پر فی ایکٹر25اورباغبانی کے لیے 50ہزارروپئے کی امداد دی جائے
کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے کا وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کومکتوب
پنچنامہ، قواعد و ضوابط اور دیگر شرائط کی پاسداری نہ کرتے ہوئے پہلے کسانوں کی فوری مدد کا اعلان کریں
فصلوں کی انشورنس کرنے والی بیمہ کمپنیاں فوری طور پر متاثرہ کسانوں کو معاوضہ دیں
ممبئی: ریاست میں گزشتہ دو تین دنوں میں بے موسم بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے کسانوں کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ ریاست میں تقریباً ایک لاکھ ہیکٹرکی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔اس صورت حال اور کسانوں کو ہونے والے نقصانات کو دیکھتے ہوئے قواعدوضوابط اور پنچنامے وغیرہ میں وقت ضائع کیے بغیر فوری طور پرزراعت کے لیے فی ایکڑ 25ہزار اور باغبانی کے نقصانات کے لیے فی ایکٹر50ہزار روپئے کی فوری مدد دی جائے۔یہ مطالبہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کو ایک مکتوب کے ذریعے کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کولکھے گئے مکتوب میں ناناپٹولے نے کہا ہے کہ ریاست کے بلی راجہ یعنی کسانوں کو مسلسل بحران میں گھسیٹا جا رہا ہے۔ اس سال بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے زراعت کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ خریف کی فصلیں تباہ ہوگئیں اور اب ربیع کا سیزن بھی آگیا ہے۔ یہ سال کسانوں کے لیے بھی خسارے کا سال بن گیا ہے۔ بے موسمی بارش اور ژالہ باری نے کھیتوں میں اگائی ہوئی فصلیں تباہ کر دی ہیں۔ کپاس، مٹر، سویا بین، پیاز، دھان، انگور، آم، انار، پپیتا، کیلا، گنا، نارنگی جیسی فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ ریاست کے 17 اضلاع میں فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ وہیں دیگر اضلاع بالخصوص ودربھ، مراٹھواڑہ، خاندیش میں بے موسم کی بارش کی وجہ سے فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔ پونے، احمد نگر اور ناسک اضلاع میں بھی ژالہ باری سے باغبانی کی فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے، سبزیوں کی فصلیں بھی تباہ ہو گئی ہیں۔
نانا پٹولے نے کہا کہ کسان بچیں گے تو ہی ہم بچیں گے۔کسان جو ہماری غذائی ضروریات پوری کرتا تھا آج قدرت کے سامنے بے بس ہو چکا ہے۔ کسانوں کی مدد کی اشد ضرورت ہے جو ایک طرف مہنگائی اور دوسری طرف قدرتی آفات سے نبرد آزما ہیں۔ خشک سالی کا خمیازہ بھگتنے کے بعد کسان اب سخت موسم کی وجہ سے مایوس ہو چکے ہیں۔ مہاراشٹر حکومت کو کسانوں کی مددکے لیے فوری طور پر آگے آنا چاہیے۔کانگریس کے ریاستی صدر نے یہ بھی کہا کہ کسانوں کو فصل بیمہ کمپنیوں سے بھی فوری معاوضہ ملنا چاہیے۔
