MPCC Urdu News 26 March 23

14

مودی حکومت کے خلاف ریاست کے تمام اضلاع میں کانگریس کا ’ستیہ گرہ‘

اڈانی-مودی کے بدعنوان اتحاد کو ملک کے سامنے لانے کی وجہ سے راہل گاندھی کے خلاف کارروائی: نانا پٹولے

راہل گاندھی عوام کی آواز ہیں، وزیر اعظم مودی کو جواب دینا ہی ہوگا: بالاصاحب تھورات

راہل گاندھی کے خلاف کارروائی جبر اور آمریت کی مثال، کانگریس ایسی کارروائی سے نہیں ڈرتی: پرتھوی راج چوہان

ممبئی:کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جس طرح سے اڈانی گروپ کے میگا اسکام کو بے نقاب کیا ہے اس نے مرکز کی مودی حکومت کودنیا بھر کے سامنے قلعی اتار دی ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ راہل گاندھی نے اڈانی-مودی کے بدعنوان گٹھ جوڑ کو ملک کے سامنے نقاب کیا ہے، اسی لیے سیاسی انتقام کے تحت ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے مودی حکومت سے پوچھا ہے کہ آخر اڈانی کی کمپنی میں 20 ہزار کروڑ کا کالا دھن کہاں سے آیا؟ لیکن مرکزی حکومت کے پاس اس سوال کا کوئی جواب نہیں ہے۔

راہل گاندھی کے خلاف کی گئی کارروائی کے خلاف مہاراشٹر پردیش کانگریس نے اتوار کو ریاست کے تمام اضلاع میں صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک ستیہ گرہ کا انعقاد کیا۔ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے کی قیادت میں ناگپور کے کانسٹی ٹیوشن چوک میں ستیہ گرہ شروع کیاگیا۔ اس موقع پر سابق مرکزی وزیر ولاس متیموار، شہر ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر اور ایم ایل اے وکاس ٹھاکرے، ناگپور دیہی ضلع صدر، سابق وزیر راجندر ملک، ایم ایل اے وجاہت مرزا، ابھیجیت ونجاری، ریاستی جنرل سکریٹری اوماکانت اگنی ہوتری، ریاستی نائب صدر نانا گاونڈے، اتل کوچیتا سمیت دیگر عہدیداران وکارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

اس موقع پر نانا پٹولے نے کہا کہ راہل گاندھی اڈانی کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ بی جے پی اڈانی کی کرپشن کی حمایت کر رہی ہے۔ بی جے پی کے تحفظ میں اڈانی نے ملک کے عوام کو لوٹا ہے۔ سورت کی ضلع عدالت کے ذریعے راہل گاندھی کو سزا سنائے جانے کے بعد یہ واضح ہو گیا کہ 24 گھنٹے کے اندر ان کی پارلیمنٹ کی رکنیت منسوخ کرنے کے پیچھے بی جے پی کا کیا منشا تھی۔ پٹولے نے کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی نے ستیہ گرہ کے ذریعے انگریزوں کے جبر کا مقابلہ کیا اور ملک کو آزادی دلائی۔ کانگریس پارٹی نے نریندر مودی کی آمریت وجبر کے خلاف ملک بھر میں ستیہ گرہ تحریک چلائی ہے۔

بمبئی میں کانگریس لیڈر بالا صاحب تھورات کی خصوصی موجودگی میں ستیہ گرہ ہوا۔ اس میں سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، ممبئی کانگریس کے صدر ایم ایل اے بھائی جگتاپ، سابق ایم ایل اے مدھو چوہان اور سینکڑوں عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔اس موقع پر بالا صاحب تھورات نے کہا کہ آج کا ستیہ گرہ ایک نئی تحریک کا آغاز ہے۔ آزادی کی ایک نئی لڑائی کا آغاز ہے۔ کیا اڈانی گروپ کی بدعنوانی میں وزیراعظم نریندر مودی کی شراکت داری ہے؟ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پارلیمنٹ میں یہ سوال کیا۔ لیکن نریندر مودی نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔ اڈانی کی بدعنوانی کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں بولا۔ اس کے برعکس راہل گاندھی کے ذریعے اڈانی پر سوال اٹھانے پر ان کا مائیک بند کر دیا گیا تھا۔ ہمارے لیڈر کے سوالوں کے خوف سے ان کی آواز کو دبانے کے لیے ان کی پارلیمنٹ کی رکنیت کو منسوخ کر دیا گیا، لیکن کانگریس لیڈر راہل گاندھی ملک کے 140 کروڑ عوام کی آواز ہیں۔ کوئی چاہے کچھ بھی کر لے، ان کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ راہل گاندھی کے سوالوں کا جواب وزیر اعظم نریندر مودی کودینے ہی ہونگے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ راہل گاندھی کی رکنیت کو ایک سازش کے تحت رد کی گئی ہے جو جمہوریت کا قتل ہے۔ ای ڈی اور سی بی آئی جیسی ایجنسیوں کی مدد سے اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔ اپوزیشن کی آواز کو دبا کر ملک میں جبر اور آمریت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ملک میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی جاری ہے۔ گوتم اڈانی کی کمپنی میں 20 ہزار کروڑ کہاں سے آئے؟ راہل گاندھی کے اس سوال کا جواب وزیر اعظم مودی کے پاس نہیں ہے۔راہل گاندھی کے خلاف کی گئی کارروائی ملک میں ظلم و جبر کی مثال ہے، لیکن راہل گاندھی اور کانگریس پارٹی ایسی کارروائی سے ڈرنے والی نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی عوام کے مسائل اٹھاتی ہے، عوام کے لیے لڑتی ہے اور لڑتی رہے گی۔

لاتور میں اس تحریک کی قیادت سابق وزیر امیت دیشمکھ اور ایم ایل اے دھیرج دیشمکھ کر رہے تھے۔ کولہاپور کے ایم ایل اے پی این پاٹل سڈولیکر، ایم ایل اے جے شری جادھو، ایم ایل اے رتوراج پاٹل، ایم ایل اے راجو اولے، ایم ایل اے جینت تاسگاؤنکر نے ستیہ گرہ کی قیادت کی۔

شمالی وسطی ممبئی میں ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر نسیم خان نے علاوہ ناسک، امراوتی، چندر پور، شولاپور، رتناگیری، سندھو درگ، تھانے، نوی ممبئی، پالگھر، احمد نگر، نندربار، دھولیہ، واشم، ایوت محل، پربھنی سمیت تمام اضلاع میں ستیہ گرہ کیا گیا۔ پیر کو بھی کئی اضلاع میں ستیہ گرہ کیا جائے گا۔