جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لئے کانگریس کے کارکنان ہوشیار رہیں: ناناپٹولے
ملک کی تعمیر میں کانگریس کے کردار کو مٹانے کی سازش کی جارہی ہے: طارق انور
کانگریس ہیڈکوارٹر پر 73ویں یومِ جمہوریہ کی تقریب کا جوش وخروش کے ساتھ انعقاد
ممبئی: بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا ترتیب دیا ہوا آئین اس ملک میں آج کے ہی دن سے نافذ ہواجس میں تمام لوگوں کو یکساں حقوق دیئے۔ لیکن بی جے پی حکومت میں جمہوریت کے چاروں ستونوں کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ اس خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کو انتہائی جدوجہد اور قربانیوں سے حاصل ہوئی آزادی، آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لئے کانگریس کے کارکنوں کومسلسل ہوشیار رہنا ہے۔ ریاستی کانگریس کے صدر ناناپٹولے نے یہ باتیں آج یہاں کانگریس ہیڈ کوارٹر میں 73ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر منعقدہ پرچم کشائی تقریب میں کہیں۔
ریاستی کانگریس کے صدر دفتر تلک بھون میں یوم جمہوریہ نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ پرچم کشائی کی تقریب آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری طارق انور کے ہاتھوں اور ریاستی صدر نانا پٹولے کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر سیوادل کے ریاستی صدر ولاس اوتاڈے، ریاستی ورکنگ صدر نسیم خان، بسوراج پاٹل، ریاستی نائب صدر اور سابق ایم پی حسین دلوائی، سنجے راٹھوڑ، جنرل سکریٹری اور چیف ترجمان اتل لونڈھے، جنرل سکریٹری بھا. ای نگرالے، مناف حکیم، حسن بانو خلفے جنرل سکریٹری دیوآنند پوار، پرمود مورے، رانی اگروال، جنرل سکریٹری اور ترجمان بھاونا جین، ڈاکٹر راجو واگھمارے، راجیش شرما، ترجمان ارون ساونت، بھرت سنگھ، سکریٹری سیدذیشان احمد اورراجا رام دیشمکھ وغیرہ موجود تھے۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ ہم ملک کی آزادی کی جنگ کے سپاہی ہیں۔ یہ آزادی ہم نے غیر ملکیوں کو نکال کر حاصل کی۔ کانگریس نے اس ملک کو آزادی دی، جمہوری نظام دیا، آئین کے ذریعے شہریوں کو حقوق دیے۔جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ حقوق مانگنے کے رجحان کی وجہ سے ہمارا یہ ملک پیچھے رہ گیا۔ ان کا یہ بیان شہریوں کے آئینی حقوق کے لیے خطرہ ہے۔ یو پی اے حکومت نے ملک کے شہریوں کو بااختیار بنانے کے لیے حق تعلیم ایکٹ، فوڈ سیکورٹی ایکٹ، معلومات کے حق کا قانون، روزگار کی گارنٹی ایکٹ وغیرہ نافذ کیا۔ لیکن بی جے پی کے دور حکومت میں شہریوں کے حقوق پر شب خون مارا جارہا ہے۔ مرکز میں برسراقتدار آنے والی بی جے پی حکومت کی وجہ سے گزشتہ 7 سالوں میں آزادی کو زبردست خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم اس آزادی، جمہوریت اور آئین کا تحفظ کریں، اس کے لیے ہمیں ہمہ وقت چوکس رہنا ہے۔
تقریب کے بعدمیڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے پٹولے نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کے جج آزادی کے بعد پریس کانفرنس کریں اور کہیں کہ مرکزی حکومت ان پر دباؤ ڈال رہی ہے تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ آئینی نظام خطرے میں ہے۔ گزشتہ سات سالوں میں ملک کی تصویر بدل گئی ہے۔ ملک خطرے میں ہے، ملک کی آزادی خطرے میں ہے، اس لیے ہمیں ہی نہیں بلکہ پورے ملک کو ہوشیار رہنا ہوگا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا کے دور میں احتیاط کی اپیل کی تھی۔ ہم نے اسکول، بازار، سب کچھ بند کر دیا۔ اگر وزیر اعلیٰ ملک کے وزیر اعظم کی اپیل پر لبیک کہتے ہیں توپھربھلااس میں بی جے پی کا نقصان ہے؟پھربھی بی جے پی کو وزیراعلیٰ کی اس پہل پر بہت تکلیف ہے۔پٹولے نے کہا کہ بی جے پی عوام کے بنیادی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے فرقہ پرستی کا ماحول بنا رہی ہے اور مذہب کی بنیاد پر منافرت پھیلانے کی کوشش کررہی ہے۔شیرمیسورٹیپوسلطان کے نام پر بی جے پی کے اعتراض پر انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کو اس بات کا اختیار ہے کہ وہ پارک کو کیا نام دیتی ہے۔ ریاستی وزیراسلم شیخ تو اس پارک کانام رکھنے کے لئے گئے نہیں۔ البتہ ان کے فنڈ سے اس پارک کی تزئین کاری کی گئی ہے اور اس کا وہ افتتاح کریں گے۔ اس پارک کانام پہلے سے ہی ٹیپوسلطان ہے۔پھربھی بی جے پی بلاوجہ اسے مذہبی رنگ دے رہی ہے۔ فنڈنگ کے بارے میں کانگریس کے وزیر نے جو باتیں کہں ہیں اس میں کچھ بھی غلط نہیں ہے۔ وزیراعلی اورنائب وزیراعلی کو الرٹ کرنے میں کیا خرابی ہے؟ پٹولے نے یہ بھی کہا کہ فڈنویس کے زمانے میں کیا ہواا؟ کیا لوگوں کو یاد نہیں؟ پورا ہنگامہ مچا ہوا تھا۔
آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری طارق انور نے کہا کہ ملک میں 15 اگست اور 26 جنوری دو دن بڑے جوش و خروش کے ساتھ منائے جاتے ہیں۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے اسی دن آئین دیا تھا اور اسی آئین کی بنیاد پر ملک آج بھی آگے بڑھ رہا ہے۔ کانگریس نے اس ملک کی آزادی میں بہت بڑا کردارادا کیا ہے لیکن آج اس کردار کوختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجاہدینِ آزادی کی بے انتہاقربانیوں اور جدوجہد کے بعد یہ آزادی ہمیں ملی ہے۔ اس کی ہرپہلو سے حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ آج اقتدار پر قابض لوگ تحریک آزادی کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ کانگریس نے سیکولر حکومت کے ساتھ ملک کی تعمیر کی۔ ملک کی یکجہتی اور سالمیت آج خطرے میں آگئی ہے۔آئیے اس موقع پر ہم یہ عزم کریں کہ ملک کی تعمیر وترقی میں کانگریس کے تعاون کو تسلیم کرتے ہوئے مہاراشٹر اور ملک میں کانگریس کے وقار کو دوبارہ قائم کریں گے۔