نواب ملک کے خلاف کارروائی سیاسی تعصب کی بنیاد پرہوئی ہے: اشوک چوہان

مرکزی حکومت کے جبر کے خلاف مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے مہاوکاس اگھاڑی کا احتجاج

نواب ملک کا استعفیٰ مانگنے کا بی جے پی کو کوئی اخلاقی حق ہی نہیں ہے: بالاصاحب تھورات

ممبئی: مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے لیے اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک کے خلاف ای ڈی کے ذریعے کارروائی کی گئی ہے۔مرکزی حکومت کے اس جبرکے خلاف مہاوکاس اگھاڑی متحدہ طو رپر سینہ سپر ہے اور نواب ملک کے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے کا بی جے پی کو کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔جس کے بیٹے نے کسانوں کو اپنی گاڑیوں کے نیچے روند دیا، بی جے پی کو اس مرکزی وزیرکا استعفیٰ مانگنا چاہئے۔ یہ باتیں آج یہاں وزیرمحصول بالاصاحب تھورات نے کہی ہیں۔

نواب ملک کی گرفتاری کی مذمت اور مرکزی حکومت کے جبر کے خلاف آج مہاوکاس اگھاڑی نے منترالیہ کے پاس بابائے قوم مہاتماگاندھی کے مجسمے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بالاصاحب تھورات نے کہا کہ نواب ملک کے خلاف 20 سال پہلے کے ایک کیس سے متعلق کچھ لنک جوڑ کر کارروائی کی گئی ہے۔ مرکزی حکومت کے جبر کے خلاف کانگریس پارٹی مہاوکاس اگھاڑی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔نواب ملک سے استعفیٰ مانگنے والوں نے جب ان کی پارٹی کے وزیر پر کارروائی ہوئی تھی تو اس وقت استعفیٰ دیئے تھے کیا؟ اس کا انہیں پہلے جواب دینا چاہئے۔ جس کے بیٹے نے کسانوں کو اپنی گاڑی کے نیچے روند کر مارڈالا اس مرکزی وزیر کے استعفیٰ کے لئے بی جے پی کو احتجاج کرنا چاہئے۔ تعمیرات عامہ کے وزیر اشوک چوان نے کہا کہ نواب ملک کے خلاف کی گئی کارروائی سیاسی انتقام کے تحت کی گئی ہے۔ یہ انتہائی نچلی سطح کی سیاست ملک میں شروع ہوگئی ہے۔ کسی وزیر کو اس طرح گرفتار کرنا جمہوریت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ یہ کارروائی صرف شک کی بنیاد پر کی گئی ہے اور یہ ایک غلط قدم ہے۔

اس احتجاج میں نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار، وزیرمحصول بالاصاحب تھورات، تعمیرات عامہ کے وزیر اشوک چوہان، شیوسینا لیڈر ووزیرصنعت سبھاش دیسائی، این سی پی کے ریاستی صدر ووزیرآب پاشی جینت پاٹل، خوراک اور شہری سپلائی کے وزیر چھگن بھجبل، وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل، وزیر توانائی نتن راؤت، امداد و بازآبادکاری کے وزیر وجے وڈیٹی وار، وزیر ماہی گیری اسلم شیخ، مویشی پالن کے وزیر سنیل کیدار، وزیرتعمیرات جتیندر اوہاڈ، سماجی انصاف کے وزیر دھنن جئے منڈے، دیہی ترقی کے وزیر حسن مشرف، وزیر صحت راجیش ٹوپے، ریاستی کانگریس کے ورکنگ صدر نسیم خان، خواتین کانگریس کی ریاستی صدر سندھیا تائی سوالاکھے، ریاستی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن روپالی چاکنکر، رکن پارلیمنٹ سپریا سولے، ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ، سابق رکن پارلیمنٹ حسین دلوائی، پردیش کانگریس جنرل سکریٹری دیوآنند پوار مہاوکاس اگھاڑی کے دیگر لیڈران بڑی تعداد میں موجود تھے۔اس موقع پر مرکزی حکومت، ای ڈی اور بی جے پی کے خلاف زبردست نعرے بازی کی گئی۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading