راشٹریہ سماج پارٹی اور کانگریس میونسپل کارپوریشن اور ضلع پریشد کے انتخابات مشترکہ طور پر لڑیں گی

مہادیو جانکر اور ہرش وردھن سپکال کا اعلان

ممبئی: ریاست میں بلدیاتی انتخابات کے بعد ہونے والے میونسپل کارپوریشن اور ضلع پریشد کے انتخابات کے لیے کانگریس پارٹی پوری طرح تیار ہے۔ بلدیاتی انتخابات کی طرح آئندہ ہونے والے ان انتخابات میں بھی ہم خیال پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی کانگریس نے اپنائی ہے۔ اسی کے تحت کانگریس پارٹی اور راشٹریہ سماج پارٹی میونسپل کارپوریشن اور ضلع پریشد کے انتخابات مشترکہ طور پر لڑیں گی۔ اس کا باضابطہ اعلان مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کیا۔

تلک بھون میں راشٹریہ سماج پارٹی کے صدر اور سابق وزیر مہادیو جانکر اور کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال کے درمیان اتحاد کے سلسلے میں تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں آئندہ انتخابات کے لیے اتحاد کا اعلان کیا۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ مہادیو جانکر بہوجن سماج کی ایک مضبوط آواز ہیں۔ ملک میں بی جے پی کی جانب سے جمہوریت اور آئین کو کچلنے کا جو عمل جاری ہے، ایسے حالات میں ہم خیال پارٹیوں کا ایک ساتھ آنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ بلدیہ اور نگر پنچایت انتخابات میں اگرچہ باضابطہ اتحاد کا اعلان نہیں کیا گیا تھا، لیکن ستارا، سانگلی کے ساتھ ساتھ مراٹھواڑہ اور ودربھ میں ہم نے مل کر انتخابات لڑے اور اسی اتحاد کو اب آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس موقع پر راشٹریہ سماج پارٹی کے قومی صدر مہادیو جانکر نے کہا کہ شیو، شاہو، پھلے اور امبیڈکر کے نظریات کو سامنے رکھ کر سیاست کرتے ہوئے ہم خیال پارٹیوں کا ایک ساتھ ہونا اشد ضروری ہے۔ اسی جذبے کے تحت انہوں نے دہلی میں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس اور راشٹریہ سماج پارٹی کے درمیان اتحاد 31 مئی کو ہی طے پا چکا تھا۔ راہل گاندھی ملک کے نوجوانوں، خواتین، آدیواسیوں، غریبوں اور پسماندہ طبقات کی آواز ہیں۔ جانکر نے کہا کہ اس وقت اصل مسئلہ نشستوں کی تعداد نہیں بلکہ آئین اور جمہوریت کے تحفظ کا ہے۔

جب شیو سینا اور ایم این ایس کے ممکنہ اتحاد کے بارے میں سوال کیا گیا تو ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ اس اتحاد کے لیے ہماری نیک تمنائیں اور دعائیں ہیں۔ کانگریس جوڑنے والی سیاست کرتی ہے، توڑنے والی نہیں۔ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں مہا وکاس اگھاڑی نے مل کر مقابلہ کیا تھا، تاہم ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کانگریس کو تنہا لڑنا چاہیے، یہ احساس کارکنان کی جانب سے سامنے آیا، جس کے مطابق پارٹی نے فیصلہ کیا اور پارٹی انچارج رمیش چنیتھلا نے بھی اس موقف کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کانگریس کو جو کامیابی ملی ہے وہ بہت بڑی ہے۔ حکمراں مہایوتی نے کھلے عام سام، دام، دَنڈ، بھید کی پالیسی اپنائی، جس کے ساتھ انتظامیہ اور الیکشن کمیشن کی پشت پناہی بھی تھی، اس کے باوجود کانگریس کے کارکنان نے عزم اور وفاداری کے ساتھ جدوجہد کی۔ اس موقع پر بلدیہ اور نگر پنچایت انتخابات میں کانگریس کے 41 میئر منتخب ہونے پر ریاستی کانگریس کے عہدیداران اور کارکنان نے ’41‘ کے عدد کی شکل میں تیار کردہ پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے پردیش صدر ہرش وردھن سپکال کا خیرمقدم کیا۔

MPCC Urdu News 24 December 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading