26 سال سے جاری روایت اس سال بھی برقرار، خود کھانا تیار کیا، آدیواسیوں کے گھروں میں قیام، ملبوسات کی تقسیم اور طبی کیمپ کا انعقاد
یہ تعلق رسم و رواج سے نہیں، دل سے جڑا ہوا ہے: ہرش وردھن سپکال
ممبئی: دیوالی کو روشنی اور خوشیوں کا سب سے بڑا تہوار مانا جاتا ہے، لیکن سماج کا ایک بڑا طبقہ آج بھی اس مسرت سے محروم رہ جاتا ہے۔ ایسے میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال گزشتہ 26 برسوں سے یہ تہوار اپنے خاندان کے ساتھ نہیں، بلکہ ستپُڑا پہاڑی سلسلے کے دور دراز بسے آدیواسیوں کے درمیان مناتے آئے ہیں۔ اس برس بھی انہوں نے بھنگارا، چالیس ٹپری اور گومال جیسے گاؤوں میں مسلسل 27ویں سال دیوالی آدیواسی برادری کے ساتھ منائی۔
ہرش وردھن سپکال نے آدیواسی بستیوں میں نہ صرف قیام کیا بلکہ خود کھانا تیار کر کے مقامی لوگوں کے ساتھ کھانا کھایا۔ اس موقع پر نئے کپڑوں کی تقسیم، مٹھائیوں کی شراکت، طبی کیمپ کے انعقاد اور اجتماعی گرام سبھا کا اہتمام بھی کیا گیا۔ سپکال نے کہا کہ یہ کوئی رسمی پروگرام نہیں بلکہ اپنے گھر والوں کے ساتھ دیوالی منانے جیسا تجربہ ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گومال علاقہ میرے لیے محض ایک جغرافیائی مقام نہیں بلکہ یہاں سے میرا قلبی تعلق ہے۔ گزشتہ 26 برسوں سے میرے پاس جو بھی روشنی ہے اسے لے کر ان مقامات تک جانا جہاں ابھی اندھیرا باقی ہے۔ دیوالی کا مقصد صرف چراغ جلانا نہیں، بلکہ امید جگانا بھی ہے۔ میں ہر سال انہی بستیوں میں اپنے آدیواسی بھائیوں کے ساتھ دیوالی مناتا ہوں، اور اس سال یہ تسلسل 27ویں سال میں داخل ہوا ہے۔
ستپڑُا پہاڑی سلسلہ وسطی بھارت کا ایک قدیم، ثقافتی اور قبائلی ورثے سے مالا مال خطہ ہے جہاں متعدد آدیواسی قبائل فطرت سے ہم آہنگ زندگی بسر کرتے ہیں۔ پہاڑ، جنگل، چشمے اور کھیت ان کے لیے محض وسائل نہیں بلکہ دیوتاؤں کی مانند محترم ہیں۔ اس سال شدید بارشوں کے باعث راستے دلدلی ہونے کی وجہ سے ٹریکٹر تک پھنس گئے اور ان بستیوں تک پہنچنا نہایت دشوار تھا، تاہم ہرش وردھن سپکال اور ان کی ٹیم نے مسلسل جدوجہد کے بعد کپڑے، ضروری اشیاء اور ادویات ہر خاندان تک پہنچائیں۔ آدیواسی برادری کے ساتھ اجتماعی دیپ جلانے، پوجا اور کھانے پینے کے بیچ یہ دیوالی ایک جذباتی اور باہمی محبت کے ماحول میں منائی گئی۔ ہرش وردھن سپکال کا کہنا تھا کہ ان کی یہ روایت محض چراغاں کا تہوار نہیں، بلکہ انسانیت کے درمیان روشنی بانٹنے کا عہد ہے جو ہر سال ان رشتوں کو اور مضبوط کر دیتی ہے۔
MPCC Urdu News 23 October 25.docx