MPCC Urdu News 23 Feb 24

ایم وی اے کے درمیان سیٹ الاٹمنٹ پر کوئی اختلاف نہیں ہے

ہمارا اصل مقصد بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے: نانا پٹولے

اقتدار کے زور پر توڑ پھوڑ کی سیاست کے لیے ہمارا ایک ہتھوڑا ہی کافی ہوگا

ناگپور:سیٹ الاٹمنٹ کو لے کر ایم وی اے میں کوئی اختلاف نہیں ہے، اختلاف تو مہایوتی میں ہے کیونکہ ان کے درمیان کوئی ہم آہنگی نہیں ہے۔ ایم وی اے میں شامل تمام پارٹیوں کی آپسی بات چیت جاری ہے اور زیادہ تر نشستوں پر ہمارے درمیان بات مفاہمت ہوچکی ہے ،جلد ہی حتمی فیصلے سے آگاہ کردیا جائے گا۔ایم وی اے کا اصل مقصد بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے اور اسے بے دخل کرکے رہیں گے۔یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہی ہیں۔

ناگپور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ ریاست کا سیاسی ماحول مہایوتی کےموافق ہرگز نہیں ہے۔ صرف اشتہارات کے ذریعے ماحول دکھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اخبارات و ٹی وی پر بڑے پیمانے پر دیئے جانے والے ان اشتہارات پر عوام کا پیسہ برباد ہورہا ہے۔ لیکن سوشل میڈیا پر لوگوں کے جذبات مختلف ہیں۔ انتخابات میں مہاراشٹر کے عوام بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کو اس کی حیثیت دکھائے بغیر نہیں رہیں گے۔

ناناپٹولے نے کہا کہ بارامتی کی سیٹ پر شرد پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کا امیدوار منتخب ہوگا۔ بی جے پی اور اس کے اتحادی میڈیا کے ذریعے ماحول بنا رہے ہیں جبکہ حقیقت میں تصویر کچھ اور ہے۔ اجیت پوار نے بارامتی میں بریانی کی تقریب کا اہتمام کیا لیکن جب انہوں نے شرد پوار کے خلاف بولنا شروع کیا تو لوگ وہاں سے چلے گئے۔ شرد پوار کی این سی پی کو ’توتاری‘ انتخابی نشان ملا ہے، ایک ہاتھ میں مشعل اور دوسرے میں توتاری بی جے پی کی تاناشاہی کے لیےموت کا پیغام ہے۔ یہ توتاری تاناشاہی نظام کوختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ شرد پوار نے این سی پی کو جنم دیا لیکن اس ظالمانہ نظام نے ان کی پارٹی کا نام اور گھڑی کا نشان بھی ان سے چھین لیا۔

کچھ لوگوں کے کانگریس چھوڑنے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ناناپٹولے نے کہا کہ اقتدار کے زور پر وہ جتنا چاہیں لے لیں، انہیں نہیں معلوم کہ ان کی پارٹی کے کتنے لوگ ہمارے رابطے میں ہیں۔ انہیں اقتدار کی طاقت کے ساتھ جتنا کھیلنا ہے کھیلنے دیں، جب ہم ہتھوڑا ماریںگے تو انہیں پتہ چلے گا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading