MPCC Urdu News 22 July 25

کیا وزیراعلیٰ میں وزیر زراعت کو برطرف کرنے کی ہمت ہے؟: ہرش وردھن سپکال

اگر وزیر ہی حکومت کو بھکاری کہے تو یہ سب کچھ واضح ہو جاتا ہے

ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے وزیر زراعت مانک راؤ کوکاٹے کے حالیہ بیان پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا ہے کہ آخر ایک ایسے وزیر کو برطرف کرنے میں وزیراعلیٰ کو کیا چیز روک رہی ہے جس نے سرِعام حکومت کو بھکاری قرار دیا ہے؟ سپکال کا کہنا ہے کہ فڑنویس کابینہ میں ایک سے بڑھ کر ایک ’ نگینے‘ بھرے ہیں، جن میں مانک راؤ کوکاٹے جیسے ’نادر نگینے‘ بھی شامل ہیں، جو نہ صرف غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کرتے ہیں بلکہ اپنے عمل سے مہاراشٹر کی سیاسی و سماجی شبیہ کو داغدار بھی کر رہے ہیں۔

سپکال نے کہا کہ اسمبلی اجلاس کے دوران مانک راؤ کوکاٹے کا آن لائن رَمی کھیلتے ہوئے ویڈیو سامنے آ چکا ہے، جو نہ صرف میڈیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہے۔ یہ عمل اس وقت اور زیادہ سنگین ہو جاتا ہے جب ریاست کا کسان شدید بحران سے گزر رہا ہو۔ بے وقت بارش سے فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، کسانوں کو مناسب قیمت نہیں مل رہی، قرض معافی کے وعدے دھول چاٹ رہے ہیں اور کئی علاقوں میں دوبارہ بوائی کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس کے باوجود وزیر زراعت اس طرح کی لاپروائی برت رہے ہیں، جو ناقابلِ قبول ہے۔

کوکاٹے کے اس دعوے پر کہ میں نے کسانوں کو نہیں، حکومت کو بھکاری کہا اور پھر ان کا یہ سوال کہ کیا استعفیٰ دینا کوئی فحش حرکت ہے؟ پر سپکال نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان حد درجہ بے شرمی اور سیاسی بے حسی کی غمازی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق کوکاٹے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جیسے انہوں نے کچھ غلط کیا ہی نہیں، جب کہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ افسوس ناک بات یہ ہے کہ وزیراعلیٰ فڑنویس انہیں سنجیدگی سے لینے کے لیے بھی تیار نہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یا تو وہ کسی سیاسی مجبوری میں ہیں یا دانستہ طور پر ایسے وزیروں کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔

سپکال نے اس بات پر زور دیا کہ اگر وزیراعلیٰ واقعی ریاست اور کسانوں کے تئیں سنجیدہ ہیں، تو انہیں فوری طور پر مانک راؤ کوکاٹے کو کابینہ سے باہر نکالنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وزیر نہ صرف اپنے منصب کی توہین کر رہے ہیں بلکہ مہاراشٹر کی اخلاقی شبیہ کو بھی برباد کر رہے ہیں۔ روزانہ 6 کسانوں کی خودکشی کے باوجود حکومت کا رویہ غیر سنجیدہ ہے اور کوکاٹے جیسے افراد اس بحران کو صرف اور صرف مذاق بنا کر پیش کر رہے ہیں۔ سپکال نے کہا کہ کوکاٹے جیسے وزیروں کو برطرف کر دینا چاہیے کیونکہ ان کا عہدے پر برقرار رہنا کسانوں کے ساتھ مذاق اور ریاستی عوام کے اعتماد کی توہین ہے۔ مہاراشٹر میں حساسیت، وقار اور انسانیت کی جو روایت رہی ہے، اسے برباد کرنے کا حق کسی کو بھی نہیں دیا جا سکتا نہ وزیر کو اور نہ وزیراعلیٰ کو۔

MPCC Urdu News 22 July 25.docx

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading