راہل گاندھی بی جے پی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے لیڈر نہیں ہیں

ممبئی ہوائی اڈے پر کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کی جانب سے راہل گاندھی کا پُرتپاک استقبال

ممبئی: کانگریس کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کے ممبئی پہنچنے پر کانگریس کے لیڈران نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ راہل گاندھی ایک عدالتی مقدمے کے سلسلے میں بھیونڈی روانہ ہو رہے تھے۔ ممبئی ہوائی اڈے پر بڑی تعداد میں موجود کانگریس عہدیداران اور کارکنان نے نعروں اور گل دستوں کے ساتھ ان کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن نسیم خان، ممبئی کانگریس کی صدر و رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ، سابق وزیر و رکن اسمبلی اسلم شیخ، رکن اسمبلی امین پٹیل، رکن اسمبلی جیوتی گائیکواڑ، قومی سکریٹری کنال چودھری، ریاستی نائب صدر راجیش شرما، رام چندر عرف آبا دلوی، ممبئی یوتھ کانگریس کی صدر زینت شبرین سمیت بڑی تعداد میں لیڈران اور کارکنان موجود تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ راہل گاندھی عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے بے خوف اور بے باک انداز میں آواز اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت اور آئین کو درپیش چیلنجوں کے خلاف راہل گاندھی نے مسلسل جدوجہد کی ہے اور اپنی جان کو لاحق خطرات کے باوجود کنیا کماری سے کشمیر اور منی پور سے ممبئی تک ہزاروں کلومیٹر کی پیدل یاترا نکال کر ’ہندوستان جوڑو‘ اور ’ڈرو مت‘ کا پیغام عوام تک پہنچایا۔سپکال نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی اختلافِ رائے کو دبانے اور دھمکیوں کے ذریعے سیاسی مخالفین کو مرعوب کرنے کی کوشش کرتی ہے، مگر راہل گاندھی ان حربوں سے خوف زدہ ہونے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو راہل گاندھی کے خلاف احتجاج کرنے کے بجائے ملک کے وقار اور عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔

ہرش وردھن سپکال نے امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے متعدد بار وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں تنقیدی اور توہین آمیز بیانات دیے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر بی جے پی میں حوصلہ ہے تو وہ ایسے بیانات کی کھل کر مذمت کیوں نہیں کرتی؟ انہوں نے مزید کہا کہ ’آپریشن سندور‘ کے دوران جنگ بندی کا اعلان امریکہ سے کیوں کیا گیا اور امریکہ کے ساتھ ایسا تجارتی معاہدہ کیوں کیا گیا جس سے کسانوں کے مفادات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

سپکال نے کہا کہ روزگار، مہنگائی، کسانوں کے مسائل اور قومی خودمختاری جیسے بنیادی امور پر حکومت کو جواب دینا چاہیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت ان سوالات سے توجہ ہٹانے کے لیے راہل گاندھی کو نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ملک کے آئین، جمہوریت، کسانوں اور عام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور راہل گاندھی اسی جدوجہد کی علامت ہیں۔ بی جے پی کی دھمکیوں اور سیاسی دباؤ کے باوجود کانگریس اپنے موقف پر قائم رہے گی اور عوامی مسائل کو بھرپور انداز میں اٹھاتی رہے گی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading