عام آدمی پارٹی کی خواتین شعبے کی ریاستی صدر سیما شیواجی گنٹے کانگریس میں شامل
ممبئی: لوک سبھا انتخابات کی گہما گہمی میں کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کے خواہشمندوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ اسی ضمن میں عام آدمی پارٹی کی خواتین شعبے کی ریاستی صدر سیما شیواجی گنٹے نے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے کی موجودگی میں تلک بھون میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ ایسی حالت میں جب ملک مشکل دور سے گزر رہا ہے، صرف کانگریس کا نظریہ ہی اس ملک کو بچا سکتا ہے۔ کانگریس پارٹی تمام سماجی گروپس کے ساتھ انصاف دینے کی روایت رکھتی ہے۔ بھارت جوڑو نیائے یاترا نے کانگریس پارٹی میں عام لوگوں کا اعتماد مزید مضبوط کیا ہے۔ بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران کانگریس پارٹی نے خواتین کو بااختیار بنانے پر خصوصی زور دیتے ہوئے ’ناری نیائے‘ کے تحت پانچ ضمانتیں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں شامل ہونے والے لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور جلد ہی دیگر پارٹیوں کے اور لوگ بھی کانگریس میں شامل ہوں گے۔‘‘
واضح رہے کہ سیما گنٹے سماجی و تعلیمی میدان نیز خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کرتی رہی ہیں۔ وہ عام آدمی پارٹی کے پونے ضلع ویمن سیونگ گروپ کی ضلعی صدر بھی رہ چکی ہیں۔ وہ لڑکیوں کی تعلیم کے مسائل پر ورکشاپس، خواتین کے لیے ہیلتھ کیمپس، سماجی اتحاد اور قومی تقریبات کے انعقاد میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہیں۔
محترمہ سیما گنٹے کی کانگریس پارٹی میں شمولیت کے وقت ریاستی کانگریس کے نائب صدر نانا گاونڈے بھی موجود تھے۔