پہلی بار براہ راست انٹرویو کے ذریعے کانگریس میں تعلقہ صدور کی تقرریاں!

ممبئی: 2 جولائی ۔مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی نے ریاست کے مختلف اضلاع میں تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور پارٹی کے کام کو رفتار دینے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ اسی سلسلے میں ریاست بھر کے تعلقہ صدور کی تقرریاں اس بار براہ راست انٹرویو کے ذریعے کی جا رہی ہیں۔ اب تک ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے خود انٹرویو لے کر 83 تعلقہ صدور کی تقرریاں مکمل کی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد نچلی سطح پر کام کرنے والے محنتی، مخلص اور سرگرم کارکنوں کو اہم ذمہ داریاں سونپنا ہے۔ یہ ایک انقلابی اور مثالی فیصلہ مانا جا رہا ہے جس کا خیرمقدم ریاست بھر میں کانگریس کارکنان کر رہے ہیں۔ اس عمل سے پارٹی میں ایک نیا جوش اور ولولہ پیدا ہوا ہے اور کارکنان کو نئی توانائی حاصل ہوئی ہے۔

اس عمل سے قبل پارٹی کے معائنہ کاروں نے مختلف اضلاع کا دورہ کر کے مقامی عہدیداروں سے مشورے کیے تھے اور کچھ موزوں ناموں کی سفارش ریاستی کانگریس کو بھیجی تھی۔ بعد ازاں ان سفارشات کی بنیاد پر ریاستی صدر کی سربراہی میں قائم کردہ انتخابی کمیٹی نے ان افراد کے انٹرویو لیے اور ان کی صلاحیت، کارکردگی اور زمین سے جڑے ہونے کی بنیاد پر ان کی تقرریاں کیں۔ اس انتخابی کمیٹی میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور سینئر لیڈر بالاصاحب تھورات، حزب اختلاف لیڈر وجے وڈیٹی وار، قانون ساز کونسل میں کانگریس لیڈر ستیج عرف بَنٹی پاٹل، ریاستی کارگزار صدر و ورکنگ کمیٹی کے رکن نسیم خان، رکن پارلیمنٹ چندرکانت ہنڈورے، رکن پارلیمنٹ پرنیتی شندے، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری بی ایم سندیپ، کنال چودھری، ریاستی نائب صدر ایڈوکیٹ گنیش پاٹل جیسے سینئر لیڈر شامل ہیں۔

یہ انتخابی عمل تاحال جاری ہے اور بقیہ تعلقوں کی تقرریوں کا اعلان بھی جلد ہی کیا جائے گا۔ پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ پوری کارروائی شفافیت، کارکردگی اور کارکنوں کی زمینی وابستگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جا رہی ہے تاکہ صرف حقیقی کارکنوں کو ہی پارٹی کے اندر قیادت کے مواقع مل سکیں۔ اس عمل میں اقربا پروری، سفارش یا صرف مقبولیت کی بنیاد پر تقرری کے بجائے کام، محنت اور تنظیمی عزم کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ اب تک جن اضلاع میں تعلقہ صدور کی تقرریاں عمل میں آئی ہیں ان میں اکولہ سے 8، بلڈانہ سے 19، چندرپور سے 2، جلگاؤں سے 8، سندھودُرگ سے 1، اُلہاس نگر سے 1، رتناگیری سے 6، تھانے شہر سے 3، تھانے دیہی سے 5، اہلیہ نگر سے 3، سانگلی سے 2، پونے سے 2، سولاپور سے 1، امراوتی سے 2، دھاراشیو سے 1، جالنہ سے 7، ہنگولی سے 2، چھترپتی سنبھاجی نگر سے 6، بیڑ سے 3، ایوت محل سے 1 تعلقہ صدر کی تقرری کی جا چکی ہے۔ بقیہ تعلقہ جات میں بھی جلد ہی اسی طریقہ کار کے تحت تقرریوں کا اعلان متوقع ہے۔

اس سلسلے میں ریاستی کانگریس کے نائب صدر برائے تنظیم و انتظامات ایڈوکیٹ گنیش پاٹل نے وضاحت کی ہے کہ تمام تقرریاں صرف ان کارکنان کو دی جا رہی ہیں جنہوں نے ماضی میں عملی طور پر پارٹی کے لیے کام کیا ہے اور عوامی مسائل پر متحرک رہے ہیں۔ اس نئے اقدام کو کانگریس کے تنظیمی ڈھانچے کو از سرِ نو تعمیر کرنے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے تاکہ پارٹی نہ صرف انتخابی سطح پر بلکہ تنظیمی سطح پر بھی مضبوط ہو۔ یہ قدم خاص طور پر مہاراشٹر جیسے بڑے اور سیاسی طور پر متحرک ریاست میں کانگریس کو جڑوں سے مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔

MPCC Urdu News 2 July 25.docx

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading