دھنگر، او بی سی، مراٹھا اور آدیواسی تمام برادریوں کو دھوکہ دے کر دیویندر فڑنویس نے ریاست میں ذات پات کی آگ بھڑکا دی ہے
بھیونڈی میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کے نو منتخب کونسلروں کا ریاستی صدر کے ہاتھوں اعزاز
ممبئی: او بی سی بہوجن پارٹی کے لیڈر پرکاش شینڈگے کی قیادت میں او بی سی بہوجن پارٹی اور کانگریس پارٹی کے درمیان باضابطہ اتحاد ہو گیا ہے۔ یہ اتحاد محض اقتدار کے لیے نہیں بلکہ سماجی انصاف اور نظریاتی ہم آہنگی پر مبنی ہے، اور آنے والے ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے انتخابات دونوں پارٹیاں مل کر لڑیں گی۔ یہ اعلان مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے آج ایک پریس کانفرنس میں کیا۔
تلک بھون میں او بی سی بہوجن پارٹی کے لیڈر پرکاش شینڈگے نے اپنے ساتھی چندرکانت باوکر، جے ٹی تانڈیل اور پانڈورنگ میرگل کے ساتھ کانگریس ریاستی صدر سے تفصیلی گفتگو کی۔ اس کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں ہرش وردھن سپکال نے اتحاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ او بی سی بہوجن پارٹی کا کانگریس کے ساتھ کام کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد سماجی انصاف کے وسیع مقصد کے تحت کیا گیا ہے، نہ کہ صرف اقتدار کے لیے۔ کانگریس کی پالیسی واضح ہے کہ جس سماج کی جتنی آبادی ہو، اتنی ہی اس کی شراکت داری ہونی چاہیے اور راہل گاندھی کی جانب سے ذات پر مبنی مردم شماری کے مطالبے کو تمام سماجوں کی حمایت حاصل ہو رہی ہے۔
ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ 2014 میں بارامتی میں دیویندر فڑنویس نے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آتے ہی دھنگر سماج کو ریزرویشن دینے کی پہلی فائل پر دستخط کریں گے، مگر آج تک یہ وعدہ پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ فڑنویس نے ریزرویشن کے نام پر دھنگر، او بی سی، مراٹھا اور آدیواسی سماج کو دھوکہ دیا اور ریاست میں ذات پات کے تنازعات کو ہوا دی، جس سے ان سماجوں کا بی جے پی اور فڑنویس پر اعتماد ختم ہو چکا ہے۔
اس موقع پر پرکاش شینڈگے نے کہا کہ او بی سی ریزرویشن کو کمزور کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور 27 فیصد ریزرویشن پر بھی حملہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مسلسل سرکاری احکامات جاری کیے جا رہے ہیں، مگر کسی بھی سماج کو ان کا حقیقی فائدہ نہیں مل رہا۔ او بی سی سماج کو انصاف دلانے کے لیے ایک آزاد پارٹی قائم کر کے ہم خیال پارٹیوں سے اتحاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے ذات پر مبنی مردم شماری کے موقف پر راہل گاندھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی قیادت میں او بی سی ریزرویشن کا مسئلہ حل ہوگا۔
بھونڈی میونسپل کارپوریشن میں کانگریس پارٹی کے 30 کونسلر منتخب ہوئے ہیں۔ تلک بھون میں ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال کے ہاتھوں ان نو منتخب کونسلروں کو اعزاز دیا گیا۔ اس موقع پر اقلیتی شعبہ کے ریاستی صدر اور سابق رکن اسمبلی وجاہت مرزا، ریاستی کانگریس کے نائب صدر برائے تنظیم و انتظام ایڈووکیٹ گنیش پاٹل، بھونڈی ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر و سابق رکن اسمبلی رشید طاہر مومن، انچارج راجیش شرما، ریاستی جنرل سیکریٹری نور انصاری، جاوید فاروقی، رماکانت بھوئی سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔ ریاستی صدر نے نو منتخب کونسلروں کو مبارکباد دیتے ہوئے آئندہ عوامی مفاد کے مسائل کے لیے مضبوطی سے کام کرنے کی اپیل کی۔
MPCC Urdu News 19 January 26.docx