MPCC Urdu News 18 Sep 25

مہاراشٹر میں ووٹ چوری کا پردہ فاش، مہایوتی کو اقتدار میں رہنے کا حق نہیں، فڑنویس فوری استعفیٰ دیں: ہرش وردھن سپکال

چندرپور ضلع کے راجورہ اسمبلی حلقے میں چھ ہزار سے زائد ووٹوں کی چوری کا انکشاف، فڑنویس کی پولیس نے بھی درج کی ایف آئی آر

ووٹ چوری کرکے جمہوریت کا قتل کرنے والی بی جے پی اور نریندر مودی بھارت کو نیپال، سری لنکا بنانے کی کوشش کر رہے ہیں

جی ایس ٹی اصلاحات راہل گاندھی کی دور اندیشی کی جیت، کانگریس 22 ستمبر کو ریاست بھر میں مٹھائی بانٹ کر جشن منائے گی

کوکن ڈویژن کی جائزہ میٹنگ تھانے میں مکمل، تنظیمی توسیع پر زور، مقامی انتخابات میں اتحاد کا فیصلہ مقامی رہنماؤں پر چھوڑا گیا

ممبئی: بی جے پی نے الیکشن کمیشن کی مدد سے ووٹوں کی چوری کرکے اقتدار پر قبضہ کیا ہے۔ یہ دعویٰ کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے ایک بار پھر ثبوتوں کے ساتھ کیا ہے۔ چندرپور ضلع کے راجورہ اسمبلی حلقے میں 6,850 ووٹوں کی چوری ثابت ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس جو اب تک ماننے کو تیار نہیں تھے، انہیں آنکھیں کھول کر حقیقت دیکھنی چاہیے۔ اس معاملے میں فڑنویس کی ہی پولیس نے ایف آئی آر درج کی ہے، اس لیے ووٹ چوری کے ذریعے اقتدار پر قابض وزیراعلیٰ کو فوری طور پر استعفیٰ دینا چاہیے۔ یہ مطالبہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کیا۔

یہ بیان سپکال نے کوکن ڈویژن کی شہر ضلعی کانگریس کمیٹی کی جائزہ میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں دیا۔ اجلاس کی صدارت سپکال نے کی، جبکہ اس موقع پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری یو بی وینکٹیش، سابق رکن پارلیمنٹ کمار کیتکر، پردیش نائب صدر (تنظیم و انتظامیہ) ایڈووکیٹ گنیش پاٹل، پردیش خزانچی ابھے چھاژید، پردیش جنرل سکریٹری ایڈووکیٹ سندیش کونڈولکر اور ٹھانے شہر کانگریس کمیٹی کے صدر وکرانت چوہان بھی موجود تھے۔سپکال نے کہا کہ کامٹی اسمبلی حلقے میں ووٹ چوری کس طرح کی گئی؟ کانگریس اور راہل گاندھی پہلے ہی یہ بات واضح کر چکے ہیں۔ اب راہل گاندھی نے ایک اور انکشاف کیا ہے کہ راجورہ اسمبلی حلقے کی ووٹر لسٹ میں بڑا گھپلا کیا گیا۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن دہرا رویہ اپنا رہا ہے اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار ووٹ چوری پر واضح جواب دینے کے بجائے کسی سیاسی پارٹی کے لیڈر کی طرح بول رہے ہیں۔ بی جے پی اور نریندر مودی ووٹ چوری کے ذریعے بھارت کو نیپال، سری لنکا اور بنگلہ دیش بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جی ایس ٹی اصلاحات کے حوالے سے سپکال نے کہا کہ یہ دراصل راہل گاندھی کی دور اندیشی کی جیت ہے۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بارہا مرکز کی پالیسیوں کا پردہ فاش کیا ہے۔ نوٹ بندی اور کورونا بحران پر بھی انہوں نے مودی حکومت کو پہلے ہی متنبہ کیا تھا لیکن حکومت نے جان بوجھ کر نظر انداز کیا، جس کا خمیازہ ملک نے بھگتا۔ جی ایس ٹی میں اصلاحات کی ضرورت راہل گاندھی نے آٹھ سال قبل ہی اٹھائی تھی۔ اب حکومت کو ماننا پڑا اور اصلاحات کرنا پڑے۔ اس کامیابی پر کانگریس 22 ستمبر کو ریاست بھر میں دکانداروں اور تجارتی اداروں میں مٹھائی بانٹ کر جشن منائے گی۔ کسانوں کے مسائل پر بات کرتے ہوئے سپکال نے کہا کہ شدید بارش سے کسانوں کو بڑا نقصان ہوا ہے، حکومت کو چاہیے کہ فی ہیکٹر 50 ہزار روپے بطور معاوضہ دے۔ جہاں زمین مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے، وہاں فی ہیکٹر 5 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے۔ موجودہ خریف سیزن پوری طرح برباد ہو چکا ہے، اس لیے ربیع سیزن کے لیے کسانوں کو مفت بیج اور کھاد فراہم کی جائے اور ان کے قرض معاف کیے جائیں۔

زبان کے مسئلے پر سپکال نے کہا کہ مہایوتی حکومت ریاست میں تیسری زبان تھوپنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ مراٹھی محض ایک زبان نہیں بلکہ مہاراشٹر کا دھرم اور ثقافت ہے۔ دیویندر فڑنویس تیسری زبان تھوپ کر مراٹھی کے ساتھ غداری کر رہے ہیں۔ بھارت کی اصل پہچان اس کی لسانی اور تہذیبی تنوع ہے، جسے بچانا ضروری ہے۔ بی جے پی اس شناخت کو مٹانے کا کام کر رہی ہے۔ ڈاکٹر نریندر جادھو کمیٹی ہندی تھوپنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ کمیٹی کا فیصلہ کچھ بھی آئے، زبانی جبر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تھانے میں کوکن ڈویژن کی جائزہ میٹنگ میں تنظیمی توسیع اور آئندہ بلدیاتی انتخابات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ سپکال نے کہا کہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو مناسب نمائندگی نہیں ملی کیونکہ اتحاد کے تحت کچھ سمجھوتے کرنے پڑے، لیکن مقامی انتخابات کارکنان کے ذریعے جیتے جاتے ہیں۔ اس لیے مقامی سطح پر اتحاد کا فیصلہ کرنے کا اختیار مقامی لیڈروں کو دیا گیا ہے۔

MPCC Urdu News 18 Sep 25.docx