NCP Urdu News 18 Sep 25

این سی پی جمہوریت، انصاف اور مساوات پر اپنی نظریاتی بنیاد کو تجزیاتی کیمپ کے ذریعے مزید مستحکم کرے گی: سنیل تٹکرے

ناگپور: این سی پی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے کہا ہے کہ پارٹی کا آئندہ چنتن شویر (تجزیاتی کیمپ) جمہوریت، انصاف اور مساوات کے اصولوں پر قائم اپنی نظریاتی بنیاد کو مزید مستحکم کرے گا۔ یہ کیمپ جمعہ کی صبح ساڑھے نو بجے ناگپور میں شروع ہوگا جس میں این سی پی کے قومی صدر اور نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار، قومی ورکنگ صدر اور رکن پارلیمنٹ پرفل پٹیل، سنیل تٹکرے، سینئر لیڈر اور خوراک و شہری سپلائی کے وزیر چھگن بھجبل سمیت پارٹی کے تمام وزراء، موجودہ و سابق اراکین اسمبلی، عہدیداران اور پانچ سو سے زائد نمائندے شریک ہوں گے۔

اس موقع پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے وضاحت کی کہ یہ کیمپ پارٹی کے لیے محض داخلی جائزے کا موقع نہیں بلکہ ایک آگے بڑھنے والی مشق ہے جس کا مقصد عوام کی امیدوں اور ضروریات کے مطابق پارٹی کی پالیسیوں کو ہم آہنگ کرنا ہے۔ ان کے مطابق اس کیمپ میں پارٹی کی نظریات، بنیادی اقدار، عصری چیلنجز، عوام تک پارٹی کے پیغام کو مؤثر انداز میں پہنچانے کی حکمت عملی، تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور مستقبل کی سیاسی و سماجی تیاری پر گفتگو ہوگی۔

چھترپتی شیواجی مہاراج، شاہو مہاراج، مہاتما پھولے اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی فکر کو آگے بڑھاتے ہوئے پارٹی نے ودربھ کے نارنجی شہر ناگپور کو اس کیمپ کے لیے منتخب کیا ہے۔ سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ پرفل پٹیل نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور ان کی قیادت میں مقامی عہدیداران اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔ یہ شویر امپریس پیلس، ناگپور میں منعقد ہوگا۔ پریس کانفرنس میں سنیل تٹکرے کے ساتھ پارٹی کے خزانچی اور رکن اسمبلی شیو جی راؤ گرجے، چیف ترجمان آنند پرانجپے، ریاستی ترجمان سنجے تٹکرے، سابق رکن اسمبلی راجندر جین، ناگپور ضلع کے صدر شیو راج گجر، ناگپور شہر کے صدر انیل اہیرکر، ریاستی ترجمان پرشانت پوار سمیت بڑی تعداد میں لیڈران و کارکنان موجود تھے۔

NCP Urdu News 18 Sep 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading