دو کم عمرمسلم لڑکے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق

ناندیڑ:(ورقِ تازہ نیوز،:19 ستمبر .ناندیڑ ضلع میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں فوٹو شوٹ کے دوران دو کم عمر لڑکے پانی میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گئے۔ یہ اندوہناک سانحہ جمعرات کی شام ناندیڑ کے لوہا تعلقہ کے کیوالا تالاب میں پیش آیا۔مرنے والے لڑکوں کی شناخت شیخ بابر شیخ جعفر (عمر 15 سال، رہائشی بلیرام پور، سیڈکو) اور محمد ریحان محمد یوسف (عمر 15 سال، رہائشی عمر کالونی، دیگلور ناکہ) کے طور پر ہوئی ہے۔

دونوں دوست فوٹو شوٹ کے ارادے سے تالاب پر گئے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق، فوٹو شوٹ کے دوران ان کا پاو¿ں پھسل گیا، جس کے نتیجے میں وہ سیدھے پانی میں جا گرے۔یہ واقعہ شام تقریباً 5 بجے پیش آیا۔ واقعے کے فوری بعد مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی۔ سونکھیڈ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کیا، اور ناندیڑ کی جیورکشک دل (ریسکیو ٹیم) کی مدد سے تلاش مہم چلائی گئی۔

کچھ ہی دیر بعد دونوں لڑکوں کی لاشیں پانی سے نکال لی گئیں۔ لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دی گئیں۔ اس واقعہ نے علاقے میں کہرام مچا دیا ہے، اور اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔
معاشرتی ردِعمل اور احتیاطی تدابیر کی ضرورت
اس واقعے کے بعد مقامی سماجی کارکنان اور شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے خطرناک مقامات پر حفاظتی بورڈز، حفاظتی جال اور نگرانی کے مناسب انتظامات کیے جائیں تاکہ آئندہ اس طرح کے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔

انتظامیہ کی اپیل:پولیس اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تالاب، ڈیم یا دیگر آبی ذخائر کے قریب بغیر احتیاط یا نگرانی کے نہ جائیں، خاص طور پر نوجوانوں اور بچوں کو اس حوالے سے آگاہی دینا ضروری ہے۔