MPCC Urdu News 12 June 22

نیشنل ہیرالڈ کیس میں ایک پیسے کی بھی ہیراپھیری نہیں ہوئی ہے

سونیاگاندھی و راہل گاندھی کو ای ڈی کی نوٹس سیاسی عصبیت کی بنا پر: اتل لونڈھے

بی جے پی کے جبر کے سامنے کانگریس کبھی نہیں جھکی اور جھکے گی بھی نہیں

ممبئی اور ناگپور سمیت ملک بھر میں ای ڈی دفاتر کے سامنے کانگریس آج احتجاج کرے گی

ممبئی:مرکز کی بی جے پی حکومت نے نیشنل ہیرالڈ کیس میں سیاسی عصبیت کی بنا پر کانگریس کی صدرمحترمہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو ای ڈی نوٹس بھیجے ہیں۔ اس معاملے میں ایک پیسے کا بھی غلط استعمال نہیں ہوا ہے اور نہ ہی نیشنل ہیرالڈ کے کسی ڈائریکٹر کوکوئی فائدہ یا کوئی رقم ملی ہے ۔ یہ دعویٰ مہاراشٹر کانگریس کے چیف ترجمان اتل لونڈھے نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2015 میں بند ہونے والے کیس کو گاندھی خاندان کو ہراساں کرنے کے مقصد سے دوبارہ کھولا گیا ہے، لیکن کانگریس پارٹی بی جے پی حکومت کی جبر کے سامنے کبھی نہیں جھکی اور آئندہ بھی کبھی نہیں جھکے گی۔اتل لونڈھے نے کہا کہ بی جے پی کے جبرکے خلاف مہاراشٹر کانگریس پیر(آج) ممبئی اور ناگپور میں ای ڈی کے دفاتر کے سامنے احتجاج کرے گی۔

گاندھی بھون میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اتل لونڈھے نے کہا کہ نیشنل ہیرالڈ اخبار کی بنیاد 1937 میں پنڈت جواہر لال نہرو، سردار ولبھ بھائی پٹیل، پرشوتم ٹنڈن، آچاریہ نریندر دیو اور رفیع احمد قدوائی جیسے عظیم لیڈروں نے رکھی تھی۔ نیشنل ہیرالڈ اخبار نے ہندوستان کی تحریک آزادی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس اخبار پر برطانوی حکومت نے 1942 سے 1945 کے درمیان پابندی لگا دی تھی۔ آزادی کے بعد کے معاشی بحران کے باوجود اس اخبار کی اشاعت جمہوریت، آئین اور کانگریس کے خیال کو آگے بڑھاتی رہی۔ اس اخبار کے صحافیوں اور عملے کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے کانگریس پارٹی نے 2002 سے 2011 کے درمیان نیشنل ہیرالڈ کو 100 قسطوں میں 90 کروڑ روپے کا قرض دیا۔ اس طرح قرض دینا کسی قانون کے تحت غیر قانونی نہیں ہے۔ یہ تمام لین دین مکمل طور پر شفاف ہیں۔ یہ منی لانڈرنگ کا کیس کیسے ہو سکتا ہے جب منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی منتقلی نہ ہوئی ہو اور کسی کو فائدہ بھی نہ ہوا ہو۔

اتل لونڈھےنے کہا کہ چونکہ نیشنل ہیرالڈ ۹۰ کروڑ روپے کا قرض واپس نہیں کرسکا ہےاس لیے ایسوسی ایٹ جنرل لمیٹیڈ نے اسے ایکویٹی شیئر میں تبدیل کردیا اور شیئروں کو کمپنی قانون کی دفعہ ۲۵ کے تحت ایک غیرمنافع بخش کمپنی ینگ انڈیا کو منتقل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی، راہول گاندھی، آسکر فرنانڈس، موتی لال وورا اور سمن دوبے جو اس کمپنی کے مینیجنگ ممبر ہیں انہیں کوئی ڈیویڈنڈ نہیں ملا ہے۔ ان میں سے آسکر فرنانڈس اور موتی لال وورا کا انتقال ہو چکا ہے۔ اتل لونڈھے نے کہا کہ سارا لین دین سورج کی روشنی کی طرح عیاں ہے، لیکن سیاسی نفرت کی بناپر ہمارے اعلیٰ رہنماؤں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

اتل لونڈھے نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت مہنگائی، پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں، روپے کی گرتی ہوئی قیمت، معاشی کساد بازاری، کشمیری پنڈتوں کے قتل اور مہاجرت جیسے بڑے مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے ایسے مسائل اٹھا رہی ہے۔ بی جے پی نے ہمیشہ گاندھی خاندان کو بدنام کیا ہے۔ اندرا گاندھی، سونیا گاندھی، راہول گاندھی کو مسلسل بدنام کیا جا رہا ہے، نہروگاندھی خاندان نے اپنی جائیدادیں ملک کے لیے عطیہ کیں اور ملک کے لیے قربانیاں دیں لیکن اس خاندان کو بلا وجہ ہراساں کرنا بی جے پی کا بنیادی ایجنڈا بن گیا ہے۔ لیکن کانگریس پارٹی بی جے پی کی اس آمریت کے سامنے کبھی نہیں جھکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کے خلاف پیر 13 جون کو ای ڈی کے دفاتر کے سامنے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ لونڈھے نے کہا کہ پیر کو دوپہر 12 بجے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس (سی ایس ٹی) سے ای ڈی کے دفتر تک کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے، کانگریس لیجسلیٹیو پارٹی لیڈر اور وزیرمحصول بالاصاحب تھورات، ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ کی قیادت میں ممبئی میں ایک مورچہ جائے گا۔ اتل لونڈھے نے کانگریس کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مورچے میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں۔

اپنی رائے یہاں لکھیں