ممبئی: مراٹھا ریزرویشن کے بارے میں غلط معلومات دے کر بی جے پی عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ بی جے پی کے اس جھوٹ کو بے نقاب کرنے اور سپریم کورٹ میں مراٹھا ریزرویشن رد کیے جانے کے پسِ پردہ بی جے پی ودیوندرفڈنویس حکومت کے محرکات سے عوام کو روشناش کرانے کے لیے ریاستی کانگریس کے ترجمان ڈاکٹر سنجے لاکھے پاٹل مراٹھا کا دورہ کرنے والے ہیں۔ یہ اطلاع آج یہاں کانگریس ذرائع نے دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر سنجے لاکھے پاٹل کا یہ دورہ تین دن کا ہوگا جس میں وہ ناندیڑ، لاتور، بیڑ اور اورنگ آباد شہر واضلاع کا دورہ کریں گے۔ اپنے اس دورے میں ڈاکٹر پاٹل مراٹھا ریزرویشن کی حقیقی صورت حال سے لوگوں کو واقف کرانے کے لیے کانگریس کے لیڈران، عوامی نمائندوں، مراٹھا برادری کی اہم وسرکردہ شخصیات نیز پریس کانفرنس یس خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ عوام کو اس حقیقت سے بھی آگاہ کریں گے کہ سپریم کورٹ میں مراٹھا ریزرویشن کے موقف کو کمزور کرنے اور اسے رد کرانے کے لیے مرکزکی نریندرمودی حکومت، اس وقت کی ریاست کی دیوندرفڈنویس حکومت نیز بی جے پی کے دیگر لیڈران نے کس طرح کی سازشیں رچیں۔ ۲جون یعنی کہ آج سے شروع ہونے والے اس دورے میں ڈاکٹر پاٹل صبح ۱۱ /بجے ناندیڑ شہر دیہی کانگریس کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کریں گے، جبکہ شام کو ساڑھے ۴بجے امباجوگائی، ضلع بیڑ میں کانگریس کے لیڈران کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔جمعرات ۳ جون کو صبح ۱۱ /بجے لاتو شہر ودیہی کانگریس کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کریں گے جبکہ ساڑھے چار بجے عثمان آباد ضلع کانگریس کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ جمعہ ۴ جون کو صبح ۱۱/بجے بیڑ پہونچیں گے اور بیڑ ضلع کانگریس کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ شام کو ساڑھے ۴بجے جالنہ ضلع کانگریس کمیٹی کے لیڈران کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ سنیچر ۵ جون کو صبح ۱۱/بجے اورنگ آباد شہر ودیہی کانگریس کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ اس دورے میں وہ جس شہر میں بھی جائیں گے پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے.