MPCC Urdu News 07 Dec 23

کسان مخالف حکومت نے کسانوں کے سوال پر تحریک التواء کو مسترد کر دیا: نانا پٹولے

کسانوں کی مدد کے لیے صرف اعلانات کریں، دھان پر 1000 روپے بونس دیاجائے اور خریداری مراکز شروع کیا جائے

ناگپور میں اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے ہلے روز اسمبلی کی سیڑھیوں پر اپوزیشن کی جانب سے زوردار نعرے بازی

ناگپور:بے موسم بارش سے نقصانات کا شکار ہونے والے کسان ابھی حکومتی امداد کے منتظر ہی تھے کہ ژالہ باری نے ان کی رہی کمرمزید توڑدی۔ کانگریس پارٹی نے کسانوں کو مناسب مدد فراہم کرنے کے لیے ایوان میں تحریک التوا پیش کرتے ہوئے اس پر بحث کا مطالبہ کیا لیکن بی جے پی حکومت نے اسے مسترد کرتے ہوئے بحث سے بھاگ کھڑی ہوئی۔ مہایوتی حکومت کا یہ فیصلہ کسانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہی ہیں۔

ناگپور میں سرمائی اجلاس کے پہلے ہی دن کسانوں کے مسائل پر جارحانہ موقف اختیار کرتے ہوئے مہا وکاس اگھاڑی کے ارکانِ اسمبلی نے اسمبلی کی سیڑھیوں پرحکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔اس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے حکومت پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی حکومت کسانوں کے مسئلہ پر سنجیدہ ہوتی تو اپوزیشن کی جانب سے پیش کردہ تحریک التوا پر بحث کراتی،لیکن چونکہ یہ حکومت کسان مخالف ہے اس لئے بحث سے بھاگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ کسانوں کی خودکشی ایوت محل ضلع میں ہوتی ہے۔ ودربھ کے مسئلہ پر بحث کرنے کی بات کرنے والی بی جے پی حکومت ودربھ کے کسانوں پر ہی بحث نہیں کرانا چاہتی۔ ناناپٹولے نے کہا کہ یہ حکومت 14 کروڑ لوگوں سے جھوٹ بول رہی ہے، حکومت کو واضح کرنا چاہیے کہ وہ کسانوں کی مدد کرنا چاہتی ہے یا نہیں۔ سرمائی اجلاس کا دورانیہ بھی کم ہے یہ لوگ عوام کا پیسہ برباد کرتے ہوئے ناگپور میں سیروتفریح کے لیے آئے ہوئے ہیں۔سچائی یہ ہے کہ حکومت کسانوں اور عوام کے مسائل پر قطعی سنجیدہ نہیں ہے۔

دھان کے کاشتکاروں کو ایک ہزار روپے بونس دیا جائے

کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ ودربھ میں کسانوں کو کئی مسائل کا سامنا ہے۔ فصلوں کی خریداری کے مراکز ابھی تک شروع نہیں ہوئے۔ تاجر کسانوں سے 400-500 روپے کم نرخ پر دھان خرید رہے ہیں۔ بی جے پی حکومت کسانوں کو ان کے دھان کی صحیح قیمت نہیں ملنے دے رہی ہے۔ دھان کے بونس کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا۔ پٹولے نے حکومت سے دھان پر ایک ہزار روپے بونس دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

مخالفین کو ڈرانے کے لیے ایس آئی ٹی جانچ

صحافیوں کے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ ہر اسمبلی اجلاس کے دوران شیوسینا کے ایم ایل اے آدتیہ ٹھاکرے کی جانچ کا معاملہ اٹھایا جاتا ہے۔ اب پھرایس آئی ٹی کی جانچ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ حکومت اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان کو ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ وہ حکومت سے کوئی سوال نہ کریں، لیکن حکومت کو معلوم ہوناچاہئے کہ اپوزیشن ایسی دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں ہے، حکومت سے جواب طلب کیا جاتا رہے گا۔ پٹولے نے یہ بھی کہا کہ یہ طاقت کا غلط استعمال کرکے مخالفین کو ڈرانے کا طریقہ ہے، لیکن حکومت کو مخالفین کو دھمکانے کے بجائے لوگوں کے سوالوں کے جواب دینا چاہئے۔

حکومت کے خلاف اپوزیشن کی شدید نعرے بازی

سرمائی اجلاس کے پہلے دن اپوزیشن پارٹیوں کے ایم ایل ایز نے ودھان بھون کی سیڑھیوں پر حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ کانگریس، شیو سینا، ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ایم ایل ایز نے گلے میں نارنگی ہار پہن کر ریاستی حکومت کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading