گجرات لابی کے ذریعے مہاراشٹر کی لوٹ جاری
’مہانند‘ بھی گجرات کے کھونٹے سے بندھ گیا: اتل لونڈھے
مودی وشاہ کے سامنے، شندے-فڑنویس-اجیت پوارکی حیثیت صرف سہیا جی راؤ کی ہے
مودی وشاہ کو شندے-فڑنویس اور اجیت پوار کو بھی اب گجرات لے جائیں
ممبئی:مرکزی حکومت کی مدد سے اقتدار میں آنے والی غیر آئینی شندے -فڑنویس -اجیت پوارکی حکومت میں روزآنہ مہاراشٹر کو لوٹا جارہا ہے۔ ویدانتا فاکسکان، ٹاٹا ایئر بس اور ممبئی کے ہیروں کے کاروبار کے بعد اب ریاست کے کوآپریٹو سیکٹر پر بھی حملہ کیا جا رہا ہے اور کوآپریٹو سیکٹر کے ایک اہم اور مشہور ڈیری پروجیکٹ ’مہانند‘ ڈیری گجرات میں منتقل کی جارہی ہے۔یہ سنگین الزام آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے چیف ترجمان اتل لونڈھے نے عائد کیاہے۔
بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے اتل لونڈھے نے مزید کہا ہے کہ ممبئی اور مہاراشٹر کو لوٹنے کے لیے بی جے پی نے توڑ پھوڑ کی سیاست کرتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کر لیا۔ مہا وکاس اگھاڑی حکومت گجرات لابی کے مکروہ عزائم کی تکمیل کی راہ میں رکاوٹ بن رہی تھی، وہ گجرات لابی کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیک رہی تھی جس کے لیے مہاوکاس اگھاڑی حکومت کا تختہ الٹا گیا اور پھر گزشتہ ڈیڑھ سال سے مہاراشٹر کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے۔ لیکن وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور دوسرے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے اندر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو’نہ‘ کہنے کی ہمت نہیں ہے۔ ایسی حالت میں جب مہاراشٹر پرڈاکہ ڈال کر لوٹا جارہا ہے یہ تینوں خاموش ہوکر صرف دیکھ رہے ہیں۔ شندے، فڑنویس اور اجیت پوار مودی شاہ کے سامنے صرف ’سہیا جی راؤ‘ بنے ہوئے ہیں، ان کا کام صرف دہلی کے حکم کے مطابق فائلوں پر دستخط کرنا ہے۔ لونڈھے نے کہا کہ کوآپریٹو سیکٹر سے مہاراشٹر میں خوشحالی آئی اور اسی سیکٹر کی وجہ سے دیہی علاقوں کی معیشت کو ترقی ہوئی لیکن اب مودی وشاہ کی ٹیڑھی نظر اس کوآپریٹو سیکٹر پر پڑگئی ہے۔
لونڈھے نے کہا کہ مہانند کا کاروبار نیشنل ڈیری ڈیولپمنٹ بورڈ کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈیری کاروبار میں مہاراشٹر میں مہانند، گوکل، وارانا، چتلے جیسے متعدد اداروں کا ایک بڑا نیٹ ورک ہے۔ دیہی علاقوں میں ڈیری کا کاروبار زراعت کے مبتادل ہے اور کوآپریٹیو سیکٹر کے ذریعے ایک عظیم انقلاب برپا ہوا ہے۔ لیکن مہانند کو گجرات کے ’امول‘ کے لیے قربان کیا جا رہا ہے۔اتل لونڈھے نے کہا کہ ریاست کے اہم پروجیکٹس گجرات منتقل کیے جارہے ہیں۔اب شندے حکومت یہ کہتے ہوئے عوام کوگمراہ کرے گی کہ مہانند گجرات گیا ہی نہیں یا مودی جی مہاراشٹر کو اس سے بڑا پروجیکٹ دینے والے ہیں۔ اتل لونڈھے نے کہا کہ کہ مودی وشاہ اب ایکناتھ شندے، دیویندر فڈنویس اور اجیت پوار کوہی گجرات لے جائیں کیونکہ اب مہاراشٹر کو ان کی ضرورت نہیں ہے۔