ماجلگاوں:20 مئی ( ورق تازہ نیوز)خلیجی ملک عمان میں ہفتہ کے دن بادل پھٹنے سے طوفانی بارش ہوئی تھی اس طوفانی بارش میں ماجل گاوں(ضلع بیڑ) کے ایک موظف مدرس خیر اللہ خاں اور ان کے خاندان کے دیگر افراد لاپتہ ہوگئے ہیں ۔خیراللہ خاں کاخاندان اپنے بیٹے سے ملاقات اور سیر تفریح کے عمان گیاہواتھا ۔اس خاندان کا فرد سردار خاں کرشماتی طور پربچ گیاہے ۔ خیراللہ خاں ستار خان ‘ماجل گاوں کے بخاری اسکول میں مدرس تھے ۔ بعدازیں وہ وظیفہ حسن خدمت پرسبکدوش ہوگئے تھے ۔
یہ بھی پڑھیں
ویڈیو: عمان میں گمشدہ بھارتی خاندان کی جنگی پیمانے پر تلاش جاری
عمان کے شہر مسقط میں ان کابیٹا سردار خان ایک میڈیکل اسٹور میں ملازم تھا ۔ خیر اللہ اور اُن کی بیوی اپنے بیٹے سے ملاقات کرنے مسقط گئے ہوئے تھے ۔ 18مئی کے دن خیراللہ خاں اُن کی بیوی شبانہ ‘بیٹاسردارخاںاور بہوو تین پوترے یہ تمام ایک تفریحی مقام ”وادی بن خالد “ کو ایک کار میں سوار ہوکرجارہے تھے کہ اسی وقت شام پانچ بجے طوفانی ہوائیں چلنی شروع ہوگئیں اورپھر آسمان میں تیزی سے اڑنے والے بادل پھٹ پڑے ۔کچھ ہی لمحوں میں دھواں دھاربارش شروع ہوگئی اور کسی کوکسی کی خبر نہ رہی ۔ قریب ہی پانی کے نالے میں ان کی کار گرگئی اور بہہ گئی ۔
سردارخان کار سے اتر گیا تھا اس لئے وہ ایک درخت کی ٹہنی کوپکڑکرزندہ بچ گیا ۔ لیکن دیگر 6 افراد خیراللہ خاں عمر 52 سال‘شبانہ 48سال ‘ بہو عرشیہ خان 28سال ‘چار سال کی پوتری سدرہ ‘ دوسال کاپوترا زاہداور 22دنوں کاپوترا نور آج تک لاپتہ ہیں۔ مقامی انتظامیہ ان کی جنگی پیمانے پر تلاش کررہا ہے ۔ واحد زندہ بچ جانے والے سردارخان نے موبائل فون پر ماجل گاوں میں اس سانحہ کی اطلاع دی جس کے بعدسارے خاندان میں غم واندوہ کی لہر دوڑگئی ہے ۔