برقعہ پر پابندی :کیرالا کے مسلم گروپ کے سربراہ کو موت کی دھمکی

کوذی کوڈ۔ 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں مسلم ایجوکیشنل گروپ کے صدر کو جنہوں نے حال ہی میں اپنی طالبات کو برقعہ نہ پہننے کی ہدایت دی تھی اور اسکول کے احاطہ میں حجاب کے ساتھ داخل ہونے پر پابندی عائد کی تھی، آج انہیں جان سے مار دینے کی دھمکی وصول ہوئی۔ پولیس نے کہا کہ مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی پی اے فضل غفور نے ایک شکایت درج کرائی ہے اور الزام عائد کیا کہ ایک نامعلوم فون کالر نے انہیں اسکول انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ برقعہ پر پابندی کے سرکیولر کے خلاف دھمکیاں دی ہیں اور سنگین نتائج کا انتباہ دیا ہے۔ فون کرنے والے نے یہ بھی کہا کہ اگر انہوں نے یہ سرکیولر واپس نہیں لیا، تو بہت برا ہوگا۔ سرکیولر میں طالبات سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی کلاسوں میں حجاب پہن کر شرکت نہ کریں۔ کوذی کوڈ کے پروگریسیو گروپ ”مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی“ کی جانب سے اسکولوں اور پروفیشنل کالجس کے بشمول 150 تعلیمی ادارے چلائے جاتے ہیں۔ دھمکی آمیز کال کیلئے انٹرنیشنل نمبر کا استعمال کیا گیا۔ مشتبہ شخص کسی خلیجی ملک سے تعلق رکھتا ہے۔ شکایت کے مطابق فون کرنے والے نے دھمکی آمیز لہجہ استعمال کیا۔ پولیس نے کہا کہ کیس کو ہنوز درج رجسٹر نہیں کیا گیا، البتہ تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ فون کرنے والے کا پتہ چلایا جاسکے۔ 17 اپریل کو اسکول انتظامیہ نے سرکیولر جاری کیا تھا۔ فضل غفور نے کہا کہ ان کیمپسیس میں وہ کسی قسم کی بدانتظامی دیکھنا نہیں چاہتے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading