بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا مسلم خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچنے کا واقعہ قابلِ مذمت: فارورڈ ٹرسٹ

بنگلورو: کرناٹک میں سرگرم، خواتین کی تنظیم فارورڈ ٹرسٹ نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچنے کے واقعے کی سخت مذمت کی اور اسے غیر انسانی، آئین مخالف اور خواتین کے وقار پر حملہ قرار دیا۔ ٹرسٹ نے اپنے پریس بیان میں کہا کہ ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے، جس کا آئین ہر شہری کو مذہبی آزادی، ذاتی وقار اور مساوات کی ضمانت دیتا ہے۔ کسی بھی آئینی عہدے پر فائز شخص کی جانب سے کسی خاتون کے مذہبی عمل یا ذاتی انتخاب میں مداخلت نہ صرف غیر مناسب ہے بلکہ یہ آئینی اقدار کی صریح خلاف ورزی بھی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ خواتین کے وقار، تحفظ اور مذہبی آزادی پر حملے کے مترادف ہے۔ ایک طرف ملک کو ماں کہہ کر اس کی پوجا کی جاتی ہے اور دوسری طرف اسی ملک کی خواتین کے ساتھ اس طرح کا سلوک کیا جانا انتہائی افسوسناک ہے۔
فارورڈ ٹرسٹ نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ خواتین کے خلاف ایسے واقعات مسلسل سامنے آرہے ہیں۔ ٹرسٹ نے انہیں فوری طور پر روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تنظیم نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار اس واقعے پر عوامی طور پر معافی مانگیں۔ اس کے ساتھ ہی فارورڈ ٹرسٹ نے ریاستی اور مرکزی حکومتوں سے اپیل کی کہ خواتین کی مذہبی آزادی اور ذاتی انتخاب کے تحفظ کے لیے موجود قوانین اور پالیسیوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہوسکے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ ۱۵ دسمبر ۲۰۲۵ء کو پٹنہ میں آیوش ڈاکٹروں کو تقرری کے خطوط تقسیم کرنے کی ایک سرکاری تقریب کے دوران پیش آیا جس میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کے نقاب کو عوامی طور پر ہٹانے کی کوشش کی۔ ان کی اس مذموم حرکت پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading