ممبئی :۲۳؍نومبر (یو این آئی )سیاست کیلئے خاندان میں انتشار نہیں ہونا چاہیئے تو کچھ بھی کر لیکن نائب وزیر اعلی کے عہدے سے استعفی دے کر پھر پارٹی میں واپس آ جا اس قسم کی جذباتی تقریر آج یہاں مہاراشٹر کے نومنتخب نائب وزیر اعلی کی چچا زاد بہن و رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے اجیت پوار سے کی ہے ۔ اپنے دل میں سپریا سولے نے اجیت پوار سے کہا کہ تمہارے پارٹی کے چھوڑ کر جانے سے نہ صرف ریاست کو دھچکا لگا ہے بلکہ اس سے پورے پوار خاندان کا اتحاد کو بھی ٹھیس پہنچی ہے ۔ واضح رہے کہ اجیت پوار نے این سی پی سے بغاوت کر کے آج نائب وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا ہے ۔
سپریا سولے نے مزید کہا کہ پوار خاندان نے ریاست میں جو خدمات انجام دی ہیں اس سے پوری ریاست واقف ہے نیز کرسی حاصل کرنے کیلئے خاندان کا شیرازہ نہیں بکھیرنا چاہیئے ۔این سی پی رکن پارلیمنٹ نے اجیت پوار سے مزید کہا کہ ہم تجھ سے بات کریں گے لیکن تو پہلے استعفی دے کر آ اور تیری جو شرائط ہیں اس پر بھی چرچا کریں گے اور اسے قبول کریں گے ۔
ایک جانب جہاں سپریا سولے نے اجیت پوار کی گھر واپسی کیلئے جذباتی اپیل کی ہے وہیں اجیت پوار کو منانے کے لئے راشٹروادی کانگریس کے تین لیڈران سنیل تٹکرے ، دلیپ ولسے پاٹل اور حسن مشرف اجیت پوار کے گھر پہنچے تھے اور انہیں منانے کی کوشش کر رہے تھے لیکن ذرائع نے بتلایا کہ اجیت پوار نے این سی پی میں واپس آنے سے انکار کر دیا اور یہ بھی کہا کہ اگر این سی پی بی جے پی کی حمایت نہیں کرے گی تو اس سے این سی پی ٹوٹ جائے گی اور بڑے پیمانے پر بغاوت ہو گی جس کا خمیازہ نہ صرف پارٹی کو بھگتنا پڑے گا بلکہ شرد پوار کا قد بھی قومی سطح پر کم ہو جائے گا ۔