ایران کی جانب سے جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملے کیے گئے جنھیں اس کی جانب سے آپریشن وعدۂ صادق 3 کا نام دیا گیا۔یہ میزائل حملے جمعے کو اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات اور عسکری اہداف پر کیے گئے حملوں کے بعد کیے گئے جن میں ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب کے سربراہان کے علاوہ معروف سائنسدان بھی ہلاک ہوئے تھے۔جمعے کی شب اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں اعلان کیا گیا تھا کہ ’ایران نے اسرائیل پر متعدد میزائل داغے ہیں اور عوام اگلی اطلاع تک محفوظ مقامات میں پناہ لیں۔‘
اس کے بعد اسرائیل کے مختلف شہروں میں سائرن بجنے لگے اور بی بی سی فارسی کے مطابق اسرائیلی شہر تل ابیب کی بلند عمارتوں کے ارد گرد دھوئیں کے بادل دیکھے گئے۔پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ’ایران نے اسرائیل میں درجنوں اہداف، عسکری و فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔’ایران کی پاسداران انقلاب فورس کا کہنا ہے کہ اس نے اسرائیل پر 100 سے زائد میزائل داغے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے جانے والے میزائلوں کی تعداد 100 سے کم تھی۔
تاہم جہاں آئی ڈی ایف کا دعویٰ ہے کہ اس نے ان میں سے اکثر میزائلوں کو اپنے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روک لیا وہیں اسرائیل سے سامنے آنے والی فوٹیج اور مناظر میں تباہی بھی دیکھی جا سکتی ہے۔اب تک ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل ایران کی جانب سے یکم اکتوبر اور 13 اپریل 2024 کو بھی اسرائیل پر میزائل داغے گئے تھے۔
اس دوران ایران سے داغے گئے بیلسٹک میزائل اور ڈرون ایک اسرائیلی فضائی اڈے سمیت ملک کے مختلف مقامات پر جا کر گرے تھے۔سٹمسن انسٹیٹیوٹ کے محقق اور نیٹو کے آرمز کنٹرول پروگرام کے سابق ڈائریکٹر نے اس وقت کہا تھا کہ ایران کے حالیہ حملے نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو ہمیشہ کے لیے بدل کر رکھ دیا ہے۔
واضح رہے کہ ان حملوں کی بنیاد فراہم کرنے والا ایرانی میزائل پروگرام گذشتہ کئی دہائیوں میں حیران کن رفتار سے ترقی کرتا رہا ہے اور ایرانی حکومت کو اس پروگرام پر اس حد تک بھروسہ ہے کہ اِن میزائلوں کی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کی وجہ سے اِن کے لیے ’پوائنٹر‘ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔
اسی لیے یہ میزائل پروگرام مغربی دنیا اور اسرائیل کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ کے چند عرب ممالک کے لیے بھی سنجیدہ مسئلہ بنا رہا ہے۔یہ میزائل پروگرام کیا ہے، ایران کے پاس کس قسم کے اور کتنے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل ہیں اور تمام تر پابندیوں کے باوجود ایرانی میزائل پروگرام اتنا جدید کیسے بنا؟ ان تمام سوالوں کے جواب اس تحریر میں موجود ہیں۔
پابندیوں کے باوجود ایرانی میزائل پروگرام کی ترقی کا سفر
امریکی ادارے پیس انسٹیٹیوٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں ایران کے پاس سب سے بڑا اور متنوع بیلسٹک میزائلوں کا ذخیرہ موجود ہے۔ ساتھ ہی ساتھ ایران خطے کا واحد ملک ہے جس کے پاس جوہری ہتھیار تو نہیں لیکن اس کے بیلسٹک میزائل دو ہزار کلومیٹر کے فاصلے تک پہنچ سکتے ہیں۔بیلسٹک ٹیکنالوجی تو دوسری عالمی جنگ کے وقت بن چکی تھی، تاہم دنیا میں صرف چند ہی ممالک کے پاس یہ صلاحیت ہے کہ وہ خود اس ٹیکنالوجی کی مدد سے بیلسٹک میزائل بنا سکیں۔
ایران نے گذشتہ دو دہائیوں کے دوران شدید نوعیت کی بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود یہ ٹیکنالوجی حاصل بھی کی اور بیلسٹک میزائل تیار بھی کیے۔ ایرانی رہبر اعلیٰ خامہ ای نے حال ہی میں ایک خطاب میں کہا تھا کہ جس عسکری اور میزائل پروگرام سے مغرب پریشان ہے، وہ سب پابندیوں کے دوران بنا۔
سنہ 2006 میں اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے ایک قراردار منظور کی جس کے تحت کسی بھی قسم کی جوہری ٹیکنالوجی یا مواد کی ایران کو فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی۔ اس میں ایسا سامان بھی شامل تھا جسے کسی اور مقصد کے ساتھ ساتھ عسکری مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
تین ہی ماہ بعد اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے ایک اور قرارداد میں ایران سے روایتی ہتھیاروں یا اسلحہ کی لین دین پر بھی مکمل پابندی لگا دی جس میں عسکری ٹیکنالوجی بھی شامل تھی۔ اس قرارداد کے تحت لگنے والی پابندیوں کی زد میں ایران کے جوہری پروگرام کے ساتھ ساتھ بیلسٹک میزائل پروگرام بھی آیا۔
ایسے میں ایران کے لیے روس اور چین جیسے ممالک سے بھی اسلحہ خریدنا آسان نہ رہا جن سے وہ عراق جنگ کے وقت سے سامان خرید رہا تھا۔بیلسٹک میزائل جوہری وار ہیڈ (یعنی جوہری ہتھیار) لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور مغربی ممالک کے مطابق چونکہ ایران نے بیلسٹک ٹیکنالوجی حاصل کر لی ہے اس لیے وہ جوہری توانائی کے حصول اور جوہری ہتھیار بنانے کے لیے ضروری سطح تک یورینیم کو افزودہ کرنے کی کوئی کوشش ترک نہیں کرے گا۔
جولائی 2015 میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان مشترکہ جامع پلان آف ایکشن معاہدے کے اختتام اور پھر ’قرارداد 2231‘ کی منظوری کے بعد، ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تمام پابندیاں ہٹا دی گئیں۔
تاہم، ’ٹرگر/سنیپ بیک میکانزم‘ کے نام سے جانی جانے والی شق نے ہتھیاروں کی پابندیوں کو برقرار رکھا جس کے تحت خاص طور پر پانچ سال تک ایران کے میزائل پروگرام کی نگرانی ہونی تھی۔ یہ ایران پر دباؤ ڈالنے اور اس کے میزائل پروگرام کو کنٹرول کرنے کا ایک حربہ تھا۔
تاہم ایران نے اپنا میزائل پروگرام اس حد تک بڑھایا کہ مارچ 2016 میں امریکہ، برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو ایک مشترکہ خط لکھتے ہوئے ایران پر میزائل تجربات کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ اس نے ’جے سی پی او اے‘ معاہدے کے بعد سلامتی کونسل کی ’قرارداد 2231‘ کی خلاف ورزی کی ہے۔
بالآخر 2020 میں امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاہدے سے دستبرداری کا فیصلہ کیا۔ امریکہ کے اس معاہدے سے دستبرداری کی ایک وجہ ایران کے میزائل پروگرام کے خطرے سے نمٹنے اور اس پروگرام کا معائنہ اور تصدیق کرنے کے لیے درکار طریقۂ کار کی کمی تھی۔
اگرچہ ایران نے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ وہ مشترکہ جامع پلان آف ایکشن کا حصہ ہے لیکن قرارداد 2231 میں طے شدہ ڈیڈ لائن کے خاتمے کے ساتھ ہی، روحانی حکومت نے اکتوبر 2021 میں روس اور چین سے ہتھیاروں کی خریداری کے لیے اشتہارات دیے، لیکن پابندیاں ابھی تک برقرار ہیں اور انھوں نے ایران کو اب تک اس خواہش کے حصول سے باز رکھا ہے۔
ایران اس وقت 50 سے زیادہ قسم کے راکٹ، بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے ساتھ ساتھ عسکری ڈرونز تیار کرتا ہے، جن میں سے کچھ روس اور یوکرین کی جنگ جیسے عالمی تنازعات میں استعمال بھی ہوئے ہیں۔
زیرو پوائنٹ: ریورس انجینیئرنگ
ایران، عراق جنگ کے دوران ایران کے توپ خانے کی مار کرنے کی حد 35 کلومیٹر تھی جبکہ عراقی فوج کے پاس 300 کلومیٹر تک مار کرنے والے ’سکِڈ بی‘ بیلسٹک میزائل تھے، جو ایران کے اندر مختلف شہروں کو نشانہ بناتے تھے۔
جب عراقی فوج نے میزائل حملوں کی بنیاد پر برتری حاصل کی تو ایران نے بھی میزائل استعمال کرنے کا سوچا اور اس وقت اسلامی جمہوریہ ایران کے رہبر روح اللہ خمینی نے عراق کے میزائل حملوں کا مقابلہ کرنے کی اجازت دی۔
اسی سلسلے میں نومبر 1984 میں حسن تہرانی مقدم کی سربراہی میں ’پاسدرانِ انقلاب میزائل کمانڈ‘ کا آغاز کیا گیا۔
ایران نے 1985 میں پہلی بار لیبیا سے روسی ساختہ ’سکڈ بی‘ میزائل خریدے اور 30 میزائلوں کی کھیپ کے ساتھ ہی لیبیا سے تکنیکی مدد کے لیے مشیر بھی ایران آئے اور ایران کا میزائل آپریشن اُن کی مدد سے ہی سرانجام پایا۔
اُس وقت پاسدارنِ انقلاب کی ایرو سپیس فورس کے کمانڈر، امیر علی حاجی زادہ، میزائل یونٹ کی تشکیل کے ذمہ دار بنے اور میزائل سرگرمیوں کے لیے ایران کے مغرب میں واقع شہر کرمان میں پہلا اڈہ تیار کیا گیا۔
عراق پر ایران کی جانب سے پہلا میزائل حملہ 21 مارچ 1985 کو ہوا جس میں کرکوک شہر کو نشانہ بنایا گیا۔ دو دن بعد، دوسرا ایرانی حملہ بغداد میں عراقی آرمی آفیسرز کلب پر کیا گیا جس میں تقریباً 200 عراقی کمانڈر مارے گئے۔
ایران کے اِن میزائل حملوں کے بعد عرب ممالک کی جانب سے لیبیا سے شدید احتجاج کیا گیا جس کے نتیجے میں لیبیا کے مشیروں نے ایران چھوڑ دیا اور جانے سے پہلے میزائلوں اور لانچنگ سسٹم کو ناکارہ بھی کر دیا۔
اس صورتحال میں ایرانی فضائیہ کے ارکان کے ایک گروپ نے خود ان میزائلوں کی آزمائش کا سلسلہ شروع کر دیا۔ آئی آر جی سی کے ارکان کے اس چھوٹے سے گروپ نے راکٹوں اور لانچروں کے پرزے کُھول کر اُن کی ریورس انجینئرنگ شروع کی۔
حسن تہرانی مقدم، جنھیں ’اسلامی جمہوریہ ایران کے میزائل پروگرام کا باپ‘ کہا جاتا ہے، ’زیرو ٹو ون ہنڈرڈ میزائل پروگرام‘ نامی دستاویزی فلم میں بتاتے ہیں کہ ایران سے لیبیا کے مشیروں کی روانگی کے بعد پاسداران انقلاب کے 13 ارکان کو سکڈ بیلسٹک میزائلوں پر کام کی تربیت کے لیے شام بھیجا گیا اور ایک محدود وقت کے اندر انھوں نے سکڈ میزائل کے کام کو سمجھ لیا۔
سنہ 1986 میں مقدم کو ایرانی فضائیہ کا میزائل کمانڈر مقرر کیا گیا، اور پھر سنہ 1988 کے بعد سے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کور نے سنجیدگی سے میزائل بنانے کی کوشش شروع کی۔
سٹمسن انسٹیٹیوٹ میں عالمی سلامتی اور اس سے منسلک ٹیکنالوجیز کے محقق اور نیٹو کے اسلحہ کنٹرول پروگرام کے سابق ڈائریکٹر ولیم البرک نے بی بی سی فارسی کو بتایا کہ ان برسوں میں چین اور شمالی کوریا نے بھی ایران کے ساتھ وسیع پیمانے پر میزائلوں کے حوالے سے تعاون کیا تھا اور بعد میں ایران اپنے میزائل پروگرام کو بڑھانے کے لیے روس کا ساتھ ملا۔
اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ایران ٹیکنالوجی کے لحاظ سے بہت ترقی یافتہ ملک ہے اور اس نے ریورس انجینئرنگ کر کے ان میزائلوں کے پرزوں کو الگ کرنے اور اسے دوبارہ ترتیب دینے کا طریقہ سیکھنے کے حوالے سے کافی تحقیق کی ہے۔‘
سنہ 1980 کی دہائی میں شمالی کوریا اور بعد میں چین ایران کے میزائل پروگرام کی مدد کو آئے۔ نتیجتاً، کچھ عالمی طاقتوں نے چین کو ’میزائل ٹیکنالوجی کنٹرول رجیم‘ کا رُکن بنانے کی کوشش کی، جو کہ میزائلوں کی پیداوار، ترقی اور ٹیکنالوجی کو محدود کرنے کے لیے 35 رکن ممالک کے درمیان ایک غیر رسمی سیاسی مفاہمت ہے۔ چین اس معاہدے کا حصہ بننے پر تو راضی نہ ہوا لیکن اس نے معاہدے کی شرائط پر کاربند رہنے کا عہد ضرور کیا۔
’نازعات‘ اور ’مجتمع‘ راکٹ ایران میں بنائے گئے راکٹوں کی پہلی نسل تھے، اور اس کے فوراً بعد ’تھنڈر-69‘ میزائل سامنے آیا جو بنیادی طور پر مختصر فاصلے تک مار کرنے والا چینی B610 بیلسٹک میزائل ہے، جسے ایرانی مسلح افواج نئے سرے سے ڈیزائن کر کے استعمال میں لائیں۔
ایران کے میزائل پروگرام کی ترقی، پاسداران انقلاب کے ایرو سپیس میزائل یونٹ میں حسن تہرانی مقدم کی نگرانی میں اور اُس وقت آئی آر جی سی ایئر فورس کے کمانڈر احمد کاظمی کی مدد سے سنہ 2000 کی دہائی کے اوائل میں شروع ہوئی تھی تاکہ مزید جدید ٹیکنالوجیز جیسے بیلسٹکس اور سیٹلائٹ انجن کی تعمیر میں کامیابی حاصل کی جا سکے۔
ایران کے میزائل پروگرام کے دوسرے اور سنجیدہ مرحلے کا آغاز ’فتح 110‘ میزائل کی تیاری سے ہوا۔
ایران کے میزائل پروگرام کی ترقی میں حسن مقدم سب سے اہم شخصیت تھے۔ سنہ 2009 میں انھوں نے ایک پروگرام کے دوران پہلی بار ’ایکسٹرا ہیوی سیٹلائٹ انجن‘ سیریز کا تجربہ کیا۔
ایرانی بیانیے کے مطابق حسن مقدم 12 نومبر 2011 کو ایک دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد سمیت مارے گئے تھے۔ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ فوجی اڈے پر ہونے والا وہ دھماکہ تخریب کاری کا نتیجہ تھا اور حسن تہرانی مقدم کو منظم منصوبے کے تحت قتل کیا گیا تھا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے مطابق جب حسن مقدم ایک نئے میزائل تجربے کی تیاری کر رہے تھے تو دو دھماکے ہوئے اور وہ دوسرے دھماکے میں مارے گئے۔ دھماکے کی اصل وجہ کا کبھی تعین نہیں ہو سکا، لیکن حسن مقدم ہی تھے جن کی قبر پر لکھا گیا تھا کہ ’یہاں وہ شخص دفن ہے جو اسرائیل کو تباہ کرنا چاہتا تھا۔‘
اِس وقت امیر علی حاجی زادہ کی سربراہی میں پاسداران انقلاب کی ایرو سپیس فورس، ایران کی مسلح افواج کے لیے میزائل اور ڈرونز بنانے والا سب سے بڑا ادارہ ہے اور گذشتہ برسوں میں، یہ دراصل ایرانی فوج کی جگہ اسلامی جمہوریہ کی بیرون ملک کارروائیوں کی ذمہ دار رہی ہے۔
میزائلوں کے زیر زمین ’شہر‘
اگرچہ ایران ہمیشہ اپنے میزائلوں کی نمائش کرتا ہے اور انھیں فوجی ہتھیاروں کی تیاری کے میدان میں ایک اہم کامیابی کے طور پر پیش کرتا ہے تاہم اس کے میزائل پروگرام اور میزائل اڈوں کی ترقی اور اُن پر ہونے والی پیشرفت خفیہ ہی رہی ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ ہے کہ اُن کے پاس سنگلاخ پہاڑوں میں سرنگوں کی شکل میں خصوصی انجینئرنگ اور ڈرلنگ کے ساتھ بنائے گئے کئی میزائل اڈے ہیں۔
سنہ 2014 میں پہلی بار آئی آر جی سی فضائیہ کے کمانڈر امیر علی حاجی زادہ نے ایسے میزائل اڈوں کے بارے میں بات کی تھی جو ایران کے مختلف صوبوں میں زمین سے 500 میٹر نیچے تک کی گہرائی میں بنائے گئے ہیں۔
اِن زیرِ زمین میزائل اڈوں کی تعمیر کب ہوئی اس بارے میں باوثوق معلومات دستیاب نہیں ہیں، لیکن فارس خبر رساں ایجنسی کے عسکری شعبے کے نامہ نگار مہدی بختیاری نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ مغربی ایران میں پہلا زیر زمین میزائل اڈہ سنہ 1984 میں بنایا گیا تھا اور اُسی وقت ایران کے میزائل پروگرام کا آغاز ہوا۔
ایرانی میڈیا اور پاسدارانِ انقلاب نے اب تک کئی زیر زمین میزائل اڈوں کی مختلف تصاویر شائع کی ہیں، جنھیں وہ ’میزائل سٹی‘ کہتے ہیں۔ ان میزائل اڈوں کا صحیح مقام معلوم نہیں اور نہ ہی سرکاری طور پر اس کے بارے میں کوئی اطلاعات فراہم کی جاتی ہیں۔
ان خفیہ زیر زمین اڈوں کی شائع ہونے والی تصاویر کے مطابق ان میں سے ایک میں، جو دیگر اڈوں سے بڑا معلوم ہوتا ہے، پاسدارانِ انقلاب کے سب سے اہم میزائل اور ڈرون ہتھیار رکھے گئے ہیں اور ساتھ ہی میزائلوں کی تیاری اور انھیں داغنے کی جگہ (لانچرز) ہے۔جاری کی گئی ویڈیوز میں سے ایک میں میزائل اور ان کے لانچروں سے بھری راہداری دکھائی گئی ہے اور ساتھ ہی وہ جگہ بھی جہاں میزائل فائر کیے جانے کے لیے تیار رہتے ہیں۔
مارچ 2019 میں پاسدارانِ انقلاب کور نے خلیج فارس کے ساحل پر ایک ’سمندری میزائل شہر‘ کی نقاب کشائی کی۔ اس اڈے کے اصل مقام کو ماضی کی طرح ظاہر نہیں کیا گیا لیکن صوبہ ہرمزگان کے مقامی میڈیا نے اس اڈے کے بارے میں خبریں دیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف حسین سلامی نے خلیج فارس کے ساحلوں پر اس ’میرین میزائل سٹی‘ کے بارے میں کہا تھا کہ ’یہ کمپلیکس پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کی سٹریٹجک میزائلوں کے ذخیرہ کرنے کی متعدد تنصیبات میں سے ایک ہے، جہاں میزائل اور لانچر سسٹم نصب ہیں۔‘
ایران کے زیر زمین میزائل اڈوں کی صحیح تعداد معلوم نہیں ہے، لیکن ایران کی زمینی افواج کے کمانڈر، احمد رضا پوردستان نے جنوری 2014 میں اعلان کیا تھا کہ میزائلوں والے زیرِ زمین شہر صرف پاسداران انقلاب کے لیے مخصوص نہیں ہیں اور ایرانی فوج بھی ان میں سے کئی کی مالک ہے۔
امیر علی حاجی زادہ نے آئی آر جی سی کی جانب سے ایران میں میزائل بنانے والے تین زیر زمین کارخانوں کی موجودگی کا اعلان بھی کر چکے ہیں۔
ایرانی میزائلوں کو چار اقسام میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔
راکٹ
کروز میزائل
بیلسٹک میزائل
ہائپر سونک میزائل
ایرانی ساختہ میزائلوں کے ان چار گروپوں میں بنیادی طور پر سطح سے سطح اور سطح سے سمندر میں مار کرنے والے میزائل شامل ہیں۔
البتہ دفاعی نظام کے میزائل بھی ایران کے ہتھیاروں میں شامل ہیں جن میں سے کچھ روس اور چین کے بنائے ہوئے ہیں اور کچھ ایرانی مسلح افواج کی اپنی پیشکش ہیں جن کا یہاں ذکر نہیں کیا گیا۔
اپریل 2024 میں اسرائیل پر اپنے میزائل حملے میں ایران نے ’عماد تھری‘ بیلسٹک میزائل، ’پاوہ‘ کروز میزائل اور ’شاہد 136‘ ڈرون کا استعمال کیا۔
تاہم اسلامی جمہوریہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ’خیبر شِکن‘ بیلسٹک میزائل داغنے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔
عماد بیلسٹک میزائل درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا ہتھیار ہے اور اس کی رینج 1700 کلومیٹر تک ہونے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔ اس میزائل کی لمبائی 15 میٹر ہے اور کہا جاتا ہے کہ اس کے وار ہیڈ کا وزن 750 کلو گرام ہے۔ اس میزائل کی نقاب کشائی سنہ 2015 میں کی گئی تھی۔
عماد میزائل القدر بیلسٹک میزائل کی بہتر شکل ہے۔
پاوہ درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائلوں کا ایک خاندان ہے جس کی رینج 1650 کلومیٹر ہے اور کہا جاتا ہے کہ یہ میزائلوں کی ایک نسل ہے جو ہدف تک پہنچنے کے لیے مختلف راستے اختیار کر سکتا ہے۔
پاوہ میزائل گروپ میں حملہ کرنے اور حملے کے دوران ایک دوسرے سے رابطے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور شاید اسی وجہ سے اسے اسرائیل پر حملے کے لیے چُنا گیا تھا۔
پاوہ میزائل کی نقاب کشائی فروری 2023 میں ہوئی تھی اور ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ میزائل اسرائیل تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جو 13 اپریل کو ہونے والے حملے میں ثابت بھی ہوا۔ایران کے پاس اس وقت میزائلوں کی زیادہ سے زیادہ موثر رینج دو سے ڈھائی ہزار کلومیٹر کے درمیان ہے اور وہ فی الحال یورپی ممالک کو نشانہ بنانے کے قابل نہیں ہے۔
ایران کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایسا رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای کی ہدایت پر ہے جنھوں نے کہا تھا کہ فی الحال ایرانی میزائلوں کی رینج دو ہزار کلومیٹر سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ اس ہدایت کے بعد طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی تیاری کا سلسلہ روک دیا گیا ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای کے مطابق اس فیصلے کی ایک ’وجہ‘ ہے، لیکن انھوں نے وہ وجہ بیان نہیں کی۔
’ذوالفقار‘ ایک اور مختصر فاصلے (700 کلومیٹر) تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل ہے جسے سنہ 2017 اور 2018 میں داعش کے ٹھکانوں پر حملہ کرنے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔ اس میزائل کی لمبائی 10 میٹر ہے، اس میں ایک موبائل لانچ پلیٹ فارم ہے اور اس کے ریڈار پر نظر نہ آنے کی صلاحیت سے لیس ہونے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔
ذوالفقار فتح 110 میزائل کی بہتر شکل ہے اور اس کے وار ہیڈ کا وزن 450 کلو بتایا جاتا ہے۔
