نئی دہلی ۔24۔جنوری ۔ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں سے لڑتے ہوئے عظیم قربانی دینے والے شہید لانس نائک نذیر احمد وانی کو اعلی اعزاز اشوک چکر سے نوازا جائے گا۔ صدر رام ناتھ کووند نے لانس نائک وانی کو اشوک چکردینے کی سفارش کو منظوری دے دی ہےفوج کی جموں و کشمیر لائٹ انفینٹری کے لانس نائک وانی نے گزشتہ 25 نومبر، 2018 کو جموں و کشمیر کے ایک گاؤں میں چھ مسلح جنگجوؤں کے ساتھ لوہا لے کر عظیم قربانی پیش کی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے آمنے سامنے کی فائرنگ میں دو جنگجوؤں کو ہلاک کردیا تھا۔بری طرح سے زخمی ہونے کے باوجود لانس نائک وانی نے اپنی زندگی کی پرواہ کئے بغیر اپنے ساتھی فوجیوں کی حفاظت میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا۔