نئی دہلی ۔21۔دسمبر ۔(ایجنسیز ) پی ایس سی نے سول سروسز مینس امتحان کے نتائج کا اعلان جمعرات کے روز کیا۔ اس بار امتحان میں 1,994 امیدواروں نے انٹرویو کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔ یہاں ایک بار پھر زکوٰۃ فاؤنڈیشن کے 29 نوجوانوں نے یو پی ایس سی کے امتحان میں اپنا پرچم لہرایا ہے۔ اپنی محنت اور زکوٰۃ فاؤنڈیشن کی مدد سے 27 مسلم اور دوعیسائی نوجوان آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسر بنیں گے۔زکوٰۃ فاؤنڈیشن کے صدر ظفر محمود کا کہنا ہے کہ 81 مسلم اور عیسائی لڑکے- لڑکیوں نے امتحان دئے تھے۔ ابھی تک 29 لڑکے -لڑکیوں نے امتحان پاس کرنے کی اطلاع فاونڈیشن کے دفتر میں دی ہے۔ 29 میں سے 3 لڑکیاں بھی ہیں۔
اپریل 2018 میں جاری ہوئے یو پی ایس سی کے نتائج میں 27 مسلمانوں نے زکوٰۃ فاونڈیشن کی مدد سے امتحان پاس کیا تھا۔ آپ کو یہ جان کر تعجب ہو گا کہ زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف انڈیا زکوٰۃ کے پیسوں سے چلتا ہے۔ قابل غور ہے کہ زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف انڈیا کی مدد پانے کے لئے پہلے سول سروسز پری امتحان سطح کا امتحان پاس کرنا ہوتا ہے۔ اس کے بعد انٹرویو بھی پاس کرنا ہوتا ہے۔ اس امتحان کا انعقاد زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف انڈیا ہی کرتا ہے۔