یشونت راؤ چوہان کی جینتی پر نائب وزیر اعلیٰ سنیترہ اجیت پوار کا خراجِ عقیدت
ستارا: مہاراشٹر کے معمار اور ریاست کے پہلے وزیر اعلیٰ مرحوم یشونت راؤ چوہان کی 113 ویں جینتی کے موقع پر نائب وزیر اعلیٰ سنیترہ اجیت دادا پوار نے کراڈ کے پریتی سنگم میں واقع ان کی سمادھی پر حاضری دے کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سمادھی پر گلپوشی کی اور عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے عظیم لیڈر کی خدمات کو یاد کیا۔
اس موقع پر ضلع کلکٹر سنتوش پاٹل، چیف ایگزیکٹو آفیسر یاشنی ناگراجن، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس تشار دوشی، سابق رکن اسمبلی بالاصاحب پاٹل سمیت مختلف محکموں کے افسران، پارٹی کے عہدیداران، شہری اور مختلف اسکولوں کے طلبہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔
تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ سنیترہ اجیت پوار نے کہا کہ یشونت راؤ چوہان کی سمادھی ہمیشہ سے حوصلہ اور طاقت کا سرچشمہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار بھی اس مقام کو اپنی عقیدت اور طاقت کا مرکز سمجھتے تھے اور وہ اکثر یہاں آ کر خراجِ عقیدت پیش کیا کرتے تھے۔ سنیترہ پوار نے کہا کہ اجیت دادا پوار نے بھی یشونت راؤ چوہان کے نظریات اور اصولوں کو سامنے رکھ کر عوامی خدمت کا راستہ اختیار کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے بعد انہوں نے 2 فروری کو بھی یہاں آ کر خراجِ عقیدت پیش کیا تھا اور آج یشونت راؤ چوہان کی جینتی کے موقع پر دوبارہ یہاں حاضری دینے کا مقصد ان کے افکار و نظریات سے رہنمائی حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی وہ انہی اصولوں اور نظریات کو سامنے رکھ کر ریاست کی خدمت کرتی رہیں گی۔
اس موقع پر یشونت راؤ چوہان کی جینتی کی مناسبت سے منعقد کیے گئے خصوصی پروگرام ’شبد سوراں چی بھاؤپورن آدرانجلی‘ میں بھی نائب وزیر اعلیٰ سنیترہ اجیت پوار نے شرکت کی۔ اس پروگرام کے ذریعے موسیقی اور الفاظ کے امتزاج سے یشونت راؤ چوہان کی زندگی، خدمات اور ان کے افکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب میں موجود شرکاء نے بھی یشونت راؤ چوہان کی سیاسی و سماجی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے نظریات کو مہاراشٹر کی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔
NCP Urdu News 12 March 26.docx