"ہم ادا کریں گے، ہمیں کھیلنے کا میدان دو"
نمائشوں اور پارکنگ سے بچوں کے کھیل کے میدان پر قبضہ، میونسپل ہیڈکوارٹر پر انوکھا احتجاج
تھانے – (آفتاب شیخ)
تھانے شہر کے مختلف میدان اس وقت نمائشوں اور پارکنگ کے لیے استعمال ہو رہے ہیں، جس کے باعث بچوں کے کھیلنے کے لیے مناسب جگہ باقی نہیں رہی۔ اس صورتحال کے خلاف احتجاج درج کرانے کے لیے سماجی کارکن سنگم ڈونگرے اور ان کے ساتھیوں نے میونسپل ہیڈکوارٹر میں کرکٹ میچ کھیل کر اانوکھا مظاہرہ کیا۔
گاودیوی گراؤنڈ، جو کہ شہر کے وسطی علاقے میں واقع ہے، کھیلوں کے لیے مختص ہونے کے باوجود بار بار تجارتی نمائشوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، گزشتہ سال میونسپل کارپوریشن نے یہ گراؤنڈ 174 دن جبکہ رواں سال 70 دن تک پرائیویٹ اداروں کو کرائے پر دیا ہے، جس کا مقصد فنڈ اکٹھا کرنا بتایا گیا ہے۔
سنگم ڈونگرے نے "ہم ادا کریں گے، ہمیں کھیلنے کا میدان دو" کے نعرے کے ساتھ بچوں کے پگی بینک ساتھ لاتے ہوئے میونسپل کمشنر سے ملاقات کی کوشش کی۔ ملاقات نہ ہونے پر انہوں نے ہیڈکوارٹر کے باہر پگی بینک توڑ کر اس میں موجود پیسے پھینکے اور کرکٹ کھیل کر پُرامن مگر مؤثر احتجاج کیا۔
ڈونگرے کا کہنا ہے کہ میدان بچوں کے لیے ہونے چاہئیں، نہ کہ کمرشل سرگرمیوں کے لیے۔ شہریوں نے بھی اس احتجاج کی حمایت کی ہے اور میدانوں کو اصل مقصد کے لیے بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔