ہمیں فکر ہے اور ہم شکست کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں: سچن پائلٹ

راجستھان پردیش کانگریس کے صدر اور نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ نے حال ہی میں اختتام پزیر ہوئے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی ہوئی شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس بوتھ لیول پر سروے کرا رہی ہے اور شکست کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔ کل جے پور میں کانگریس کے دفتر میں پائلٹ نے کہا ’’لوک سبھا انتخابات میں کہاں غلطی ہوئی اس کے لئے ہم نے ہر بوتھ سے رپورٹ مانگی ہے اور راجستھان میں لگ بھگ پچاس ہزار بوتھ ہیں‘‘۔

سچن پائلٹ نے اپنی خامیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ’’نتائج ہماری امید کے مطابق نہیں آئے اور یہ فکر کی بات ہے اسی لئے تمام پہلوؤں پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں اسمبلی کی دو سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں۔ واضح رہے ناگور اور مانڈوا میں ضمنی انتخابات ہونے ہیں کیونکہ یہاں کے ارکان اسمبلی ہنومان بینی وال اور نریندر کمار لوک سبھا کے لئے منتخب ہو گئے ہیں۔ پائلٹ نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح ان سیٹوں کو جیتنا ہے۔

ذرائع ابلاغ میں راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت کے حوالہ سے خبر شائع ہوئی تھی کہ انہوں نے اپنے بیٹے کی ہار کے لئے سچن پائلٹ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ سچن پائلٹ نے اس پر اپنی صفائی دی ہے۔ واضح رہے اشوک گہلوت نے بھی ٹوئٹ کر کے بیان جاری کیا ہے کہ ان کے بیان کو میڈیا نے غلط طریقہ سے پیش کیا ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس اپنی شکست کے تمام پہلوؤں پر غور کر رہی ہے اور اس کوشش میں ہے کہ ٹھوس رپورٹ کے بعد ہی کسی نتیجہ پر پہنچا جائے۔

Source بشکریہ قومی آواز بیورو—

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading