گوردوارہ فائرنگ کیس میں 9 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ عدالت میں داخل

cنا ندیڑ:15جولائی( ورق تازہ نیوز) ناندیڑ کے گوردوارہ علاقے میں ہونے والی فائرنگ کے معاملے میں انسداد دہشت گردی دستے (اے ٹی ایس) نے پیر کو ناندیڑ کی عدالت میں 9 ملزمان کے خلاف تقریباً 12 ہزار دستاویزات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی۔یہ واردات 10 فروری 2025 کو صبح 9 بجے گوردوارہ علاقے میں پیش آئی تھی۔ اس فائرنگ میں رویندر سنگھ دیال سنگھ راٹھوڑ کی موت ہوگئی تھی، جبکہ عمر قید کی سزا یافتہ ملزم گرمیت سنگھ سیوالال شدید زخمی ہوا تھا۔گرمیت سنگھ سیوالال کو ہرویندر سنگھ عرف رندھا کے بھائی کے قتل کے معاملے میں عمر قید کی سزا ہوئی تھی۔

اسی کا بدلہ لینے کے لیے یہ فائرنگ کی گئی تھی، لیکن گولی راٹھوڑ کو لگنے سے اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ابتدا میں یہ مقدمہ وزیرآباد پولیس تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اس کی تفتیش انسداد دہشت گردی دستے کے حوالے کی گئی۔ اے ٹی ایس نے منپریت سنگھ ڈھلوں، ہرپریت سنگھ کارپنٹر، دلجیت سنگھ سندھو، دلجیت سنگھ گل، ہرشدیپ سندھو، جگدیش عرف جگا، شبھدیپ سنگھ اور پلویر سنگھ باجوا ان نو ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔اسی کیس کے ایک اور ملزم ہرپریت سنگھ عرف ہیپی کو امریکہ میں گرفتار کیا گیا تھا، جسے حال ہی میں قومی خفیہ ایجنسی نے اپنی تحویل میں لیا ہے۔

اس پورے معاملے کی تفتیش ناندیڑ، ناگپور، اکولا اور چھترپتی سنبھاجی نگر کے اے ٹی ایس افسران نے مشترکہ طور پر کی۔ پیر کو عدالت میں ان 9 ملزمان کے خلاف مختلف 21 دفعات کے تحت تقریباً 12 ہزار صفحات (20 جلدوں) پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی گئی۔ اس کیس کی تفتیش کرنے والے اسسٹنٹ پولیس کمشنر رامیشور رنگے نے یہ چارج شیٹ داخل کی۔اس مقدمے میں ہروندرسنگھ رندھا، ہرپریت سنگھ عرف ہیپی، گوردیوسنگھ اور ہری سنگھ کھیرا کو مفرور قرار دیا گیا ہے۔

اس کیس کی تفتیش میں ناندیڑ کے مانک بدڑے اور ان کی ٹیم نے اہم کردار ادا کیا۔ اتنے بڑے پیمانے پر دستاویزات اکٹھا کر کے چارج شیٹ داخل کرنا مرہٹواڑہ علاقے میں اپنی نوعیت کی پہلی مثال قرار دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اے ٹی ایس نے تکنیکی مہارت کے ساتھ اور پنجاب پولیس کی مدد لے کر اس کیس میں مضبوط ثبوت جمع کیے ہیں۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading