گاندھی ہم شرمندہ ہے تیرے قاتل اب بھی زندہ ہے
!
"مہاتما گاندھی کے مجسمے کی توہین پر ممبرا میں زبردست احتجاج، سورج شکلا کو جیل میں ڈالو – مرضیہ پٹھان"

تھانے، 8 جولائی (آفتاب شیخ):
پونے ریلوے اسٹیشن کے باہر نصب بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے پر لوہے کی سلاخ سے حملہ کرنے والے فرقہ پرست سورج شکلا کے خلاف ممبرا میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ مظاہرہ نیشنلسٹ اسٹوڈنٹس کانگریس – شرد پوار گروپ کی قومی کارگزار صدر مرضیہ پٹھان کی قیادت میں اور ڈاکٹر جتندر آوہاڈ کی رہنمائی میں منعقد ہوا۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے "گاندھی ہم شرمندہ ہیں، تمھارا قاتل زندہ ہے"، "سورج شکلا پر غداری کا مقدمہ چلاؤ" جیسے فلک شگاف نعرے لگائے۔ احتجاج میں سینکڑوں طلبہ و شہریوں نے حصہ لیا اور گاندھی جی کی توہین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرضیہ پٹھان نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا کو عدم تشدد اور امن کا پیغام دیا۔ آج پوری دنیا گاندھیائی فلسفے کی قدر کر رہی ہے۔ حتیٰ کہ امریکہ کے سابق صدر اوباما نے بھی گاندھی کے نظریات کو اپنایا تھا۔ گاندھی جی کے اصولوں کے بدولت ہی بھارت کو آزادی ملی۔
مرزیہ پٹھان نے مزید کہا، "جو لوگ اس ملک کی آزادی کی جدوجہد میں شامل نہیں تھے، وہی آج بابائے قوم کے نظریات کی تذلیل کر رہے ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔ سورج شکلا کا یہ عمل نفرت پھیلانے والا ہے اور ایسے ذہن رکھنے والے افراد کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دینا چاہیے۔"
اس احتجاجی مظاہرے میں محشر شیخ، ثاقب داتے سمیت بڑی تعداد میں کارکنان اور نوجوانوں نے شرکت کی۔