کیرالہ کے ایرناکولم میں کالامسری میں واقع ایک کنونشن سینٹر میں تین زبردست دھماکے ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق کنونشن سینٹر میں’ یہوواہ کے گواہوں‘ کی دعائیں جاری تھیں جب دھماکے ہوئے۔نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق دھماکوں میں ایک شخص کی موت ہو گئی ہے جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی بتائے جاتے ہیں جنہیں قریبی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
دریں اثنا، وزیر داخلہ امت شاہ نے کیرالہ دھماکوں کے معاملے پر کیرالہ کے وزیر اعلی سے بات کی ہے۔ این ایس جی کی این بی ڈی ایس ٹیم بھی کیرالہ جائے گی۔
انتظامیہ نے ہسپتالوں کو مکمل تیار رہنے کو کہا ہے۔ ایک عینی شاہد نے کہا، ‘دھماکہ‘ ہال کے وسط میں ہوا۔ اس نے تین دھماکے کی آوازیں سنی۔’ میں پیچھے تھا۔ وہاں دھواں بہت تھا۔ سنا ہے کہ ایک عورت بھی مر گئی ہے۔‘
وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے کہا، ‘یہ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ ہم واقعے کی تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔ تمام اعلیٰ عہدیدار ایرناکولم میں موجود ہیں۔ ڈی جی پی موقع پر جا رہے ہیں۔ ہم اسے بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ میں نے ڈی جی پی سے بات کی ہے۔
تحقیقات کے بعد مزید معلومات حاصل کرنی ہوں گی۔ فی الحال ایک شخص کی موت ہوچکی ہے اور دو افراد کی حالت قدرے تشویشناک ہے۔ کچھ ہسپتال میں داخل ہیں۔ تفصیلات ملنے کے بعد ہی بات کروں گا۔