اگر یہ صحیح ہے کہ اسٹیشن پر گانا گانے والی رانو منڈل کو بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے ان کو نہ صرف گھر دیا ہے بلکہ اپنی اگلی فلم ’دبنگ ۔3‘ میں گانا گانے کا موقع بھی دیا ہے، تو پھر اس بات پر ایک مرتبہ پھر مہر لگ گئی کہ اوپر والا جب بھی دیتا ہے چھپر پھاڑ کر دیتا ہے۔ اپنی سریلی آواز کی وجہ سے ہمیش ریشمیا کے اسٹوڈیو تک پہنچنے والی رانو منڈل اب ایک اسٹار بن چکی ہیں۔
رانو منڈل کے تعلق سے یہ خبر گشت کر رہی ہے کہ سلمان خان نے انہیں ایک 55 لاکھ کا گھر دیا ہے اور اپنی آنے والی فلم ’دبنگ۔ 3‘ میں گانا گانے کا موقع دینے کے لئے کہا ہے۔ سلمان خان کی دریا دلی جگ ظاہر ہے لیکن اس معاملہ میں حقیقت کیا ہے اس کی ابھی تک کہیں سے کوئی تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔
ہمیش ریشمیا کے ’سپر اسٹار سنگر‘ مقابلہ کے سیٹ پر سلمان خان کے والد سلیم خان نے کہا تھا کہ کبھی بھی کہیں بھی کوئی ٹیلنٹ دیکھو تو اسے آگے بڑھنے کا موقع ضرور دو، اسی لئے ہمیش نے رانو منڈل کو گانے کی پیش کش کی تھی۔ ہمیش نے اپنی آنے والی فلم ’’ہیپی ہارڈی اینڈ ہیر‘ میں ایک گانے کی پیش کش کی تھی۔ خبروں کے مطابق رانو منڈل نے اب یہ گانا ’’تیری میری کہانی‘‘ ریکارڈ بھی کرا چکی ہیں۔ بتایا جا رہا کہ اس گانے کے لئے ہمیش نے رانو کو چھ لاکھ روپے دیئے ہیں۔