امریکی انتظامیہ کی طرف سے دی گئی نو جولائی کی ڈیڈ لائن میں صرف چند دن باقی ہیں اور جہاں انڈیا اور امریکہ کے درمیان عبوری تجارتی معاہدے کی امید ابھی باقی ہے لیکن اس پر ہونے والی بات چیت مسلسل سخت سودے بازی میں الجھتی جا رہی ہے۔اگرچہ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے اشارہ دیا تھا کہ معاہدہ عنقریب ہونے والا ہے اور انڈین وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے بھی کہا تھا کہ دہلی بقول ٹرمپ ’بڑے، اچھے اور خوبصورت‘ معاہدے کا خیرمقدم کرے گا۔صدر ٹرمپ نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ دہلی کے ساتھ تجارتی معاہدہ ہونے جا رہا ہے اور اس سے انڈیا کی معیشت کو ایک نئی زندگی ملے گی تاہم ان سب دعوؤں کے باوجود بات چیت مشکلات کا شکار دکھائی دیتی ہے.
اہم معاملات جیسا کہ زرعی پیداوار، آٹو پارٹس اور انڈین سٹیل پر ٹیرف جیسے معاملات پر فیصلہ ہونا ابھی بھی باقی ہے۔ ایک طرف انڈیا نے زراعت اور ڈیری سیکٹر کے تحفظ کے لیے سر نہ جھکانے کا عندیہ دیا ہے تو دوسری طرف امریکہ انڈین مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے مزید مواقع پر زور دے رہا ہے۔واشنگٹن میں موجود انڈین مذاکرات کاروں نے بات چیت کے ایک اور دور کے لیے اپنے قیام کی مدت میں اضافہ کر لیا ہے۔ اگرچہ فضا پرامید لگ رہی ہے لیکن معاہدے تک پہنچنے کا وقت تیزی سے گزرتا جا رہا ہے۔واشنگٹن کے سینٹر فار سٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل سٹڈیز میں انڈیا کی معیشت پر نظر رکھنے والے رچرڈ روسو نے بی بی سی کو بتایا کہ انڈیا کو معاشی اور سیاسی وجوہات کی بنا پر اپنے بنیادی زرعی شعبے کی حفاظت کرنے کی ضرورت ہو گی۔
اُن کا مزید کہنا ہے کہ ’ابتدائی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے دو حقیقی چیلنجز ہیں۔ اس فہرست میں سب سے پہلے بنیادی زرعی مصنوعات کے لیے انڈین بازار تک امریکی رسائی ہے۔‘دہلی میں قائم تھنک ٹینک گلوبل ٹریڈ ریسرچ انیشییٹو (جی ٹی آر آئی) سے تعلق رکھنے والے انڈین وزارتِ تجارت کے سابق افسر اجے شریواستو کہتے ہیں کہ آنے والے سات دن اس بات کا تعین کر سکتے ہیں کہ انڈیا اور امریکہ ایک محدود ’چھوٹے معاہدے‘ پر متفق ہوتے ہیں یا فریقین مذاکرات کی میز سے اٹھ جانے والے ہیں۔
یہ غیر یقینی صورتحال چند اہم فلیش پوائنٹس پر ٹکی ہوئی ہے جن میں زراعت سے زیادہ متنازع کچھ نہیں.برسوں سے واشنگٹن نے انڈیا کے زرعی شعبے تک زیادہ سے زیادہ رسائی پر زور دیا ہے اور اسے ایک بڑی غیر استعمال شدہ مارکیٹ کے طور پر دیکھا ہے لیکن انڈیا نے اپنے لاکھوں چھوٹے کسانوں کے غذائی تحفظ، معاش اور مفادات کا حوالہ دیتے ہوئے اس کی بھرپور حفاظت کی ہے۔
روسو کا کہنا ہے کہ ’دوسرا مسئلہ انڈیا کی نان ٹیرف رکاوٹوں کا ہے۔ انڈیا کے بڑھتے ہوئے کوالٹی کنٹرول آرڈرز (کیو سی او) جیسے مسائل امریکی بازار تک رسائی میں اہم رکاوٹیں ہیں اور تجارتی معاہدے میں ان سے بامعنی طریقے سے نمٹنا مشکل ثابت ہوسکتا ہے۔‘امریکہ نے انڈیا کے درآمدی معیار کے قوانین پر تشویش کا اظہار کیا ہے جنھیں وہ بوجھل قرار دیتا ہے۔ انڈیا کے 700 سے زیادہ کیو سی اوز ’خود کفیل انڈیا‘ پروگرام کا حصہ ہیں اوران کا مقصد غیرمعیاری درآمدات کو روکنا اور ملکی سطح پر پیداوار کو فروغ دینا ہے۔
سرکاری تھنک ٹینک نیتی آیوگ کی سینیئر رکن ثمن بیری نے بھی ان قوانین کو ’ضرر رساں مداخلت‘ قرار دیا ہے جو درآمدات کو محدود کر رہی ہے اور درمیانے اور چھوٹے پیمانے کی صنعتوں کے لیے لاگت بڑھانے کا سبب ہیں