کپواڑہ میں ایک فوجی اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا

سری نگر، 18 جون (یو این آئی) شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے کنڈی میں ایک فوجی اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے اپنی جان لے لی ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع کپواڑہ کے سادھو گنگا کنڈی میں قائم فوج کی 47 راشٹریہ رائفلز کے کیمپ میں تعینات ایک فوجی اہلکار نے منگل کے روز اپنی سروس رائفل سے اپنے آپ پر گولیاں چلاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔خود کشی کرنے والے فوجی اہلکار کی شناخت 24 سالہ چھوٹو کمار کے بطور ہوئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ گولیوں کی آواز سنتے ہی اس کے ساتھی جائے موقع پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے چھوٹو کمار کو مردہ پایا۔انہوں نے بتایا کہ فوج نے قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد لاش کو فوج کے حوالے کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ چھوٹو کمار کے انتہائی قدم اٹھانے کی وجوہات ابھی نامعلوم ہیں۔دریں اثنا پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود بھی جموں وکشمیر میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔سابق مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سبھاش بھامرے نے ماہ فروری میں راج سبھا میں فوجی جوانوں کی طرف سے خودکشیاں کرنے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سال 2018 کے دوران 80 فوجی اہلکاروں نے خود کشی کی جبکہ ہوائی فوج میں 16 اہلکاروں اور نیوی میں 8 اہلکاروں نے خود کشی کی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2017 میں 75 فوجی اہلکاروں کے بارے میں شک کیا جاتا ہے کہ انہوں نے خود کشی کی ہے جبکہ سال 2016 میں 104 فوجی اہلکاروں کی موت خودکشی کرنے سے واقع ہوئی ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading