نئی دہلی:مرکزی وزیر صحت سے یہ پوچھے جانے پر کہ آیا کورونا ویکسین عوام کو مفت فراہم کی جائے گی، مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے کہا، ’’صرف دہلی میں ہی نہیں یہ پورے ملک میں فری ہوگی۔‘
کورونا ویکسین کی ویکسی نیشن مہم سے وابستہ مسائل کی نشاندہی کرکے انہیں دور کرنے کی کوشش کے ایک حصے کے طور پر آج ملک بھر کے 116 اضلاع میں 259 مقامات پر ’ڈرائی رن‘ کا آغاز ہو گیا۔
ملک کی چار ریاستوں میں کورونا ویکسین کے’ڈرائی رن‘ یعنی ریہرسل کی کامیابی کے بعد مرکزی حکومت نے آج ملک کی تمام ریاستوں اور مرکزکے زیر کنٹرول علاقوں میں ’ڈرائی رن‘ کا اعلان کیا تھا۔
مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت نے ہفتہ کے روز کہا کہ مرکزی حکومت کی ہدایت کے مطابق ملک کی تمام ریاستوں اور مرکزکے زیر کنٹرول علاقوں میں کورونا ویکسین کے ویکسی نیشن کے لئے’ ڈرائی رن‘ کی مکمل تیاری کرلی گئی ہے۔ یہ بات قابل غور ہے کہ ’ڈرائی رن‘ کے دوران ویکسی نیشن مہم سے متعلق پورے طریق کار پر عمل کیا جاتا ہے گویا واقعی ویکسی نیشن مہم چلائی جارہی ہے۔