حیدرآباد:راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سرسنگھ سنچالک موہن بھاگوت نے جمعہ کو کہا کہ اگر کوئی ہندو ہے تب وہ محب وطن ہوگا اور یہ اس کا بنیادی کیریکٹر اور نیچر ہے ۔ سنگھ سربراہ نے مہاتما گاندھی کے اس تبصرہ کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بات کہی ، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ حب الوطنی کی جڑ ان کے مذہب میں ہے ۔
وہیں موہن بھاگوت کے اس بیان کے بعد اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اور حیدرآباد سے لوک سبھا رکن اسد الدین اویسی نے ٹویٹ کرکے ان پر پلٹ وار کیا ۔ اویسی نے ٹویٹ میں لکھا : کیا بھاگوت جواب دیں گے ، گاندھی جی کا قاتل گوڈسے کے بارے میں کیا کہنا ہے ؟ نیلی قتل عام ، 1984 سکھ مخالف فسادات اور 2002 گجرات قتل عام کے ذمہ دار لوگوں کیلئے کیا کہنا ہے ؟
اویسی نے اگلے ٹویٹ میں لکھا : ایک مذہب کے ماننے والے کو اپنے آپ حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جارہا ہے اور جبکہ دوسرے کو اپنی پوری زندگی یہ ثابت کرنے میں گزارنی پڑتی ہے کہ اس کو یہاں رہنے اور خود کو ہندوستانی کہلانے کا حق ہے ۔