کنوٹ ( اکرم چوہان):ناندیڑ ضلع کے تعلقہ کنوٹ شہر میں بدھ کو شیخ وسیم ساکن اسلام پورہ کے قتل سے کنوٹ شہر میں حالات کشیدہ ہیں۔ جس کے بعد نوجوان مشتعل ہوگئے۔نامعلوم افراد کی جانب سے دُکانوں وگاڑیوں پر سنگ باری کی بھی اطلاعات ہیں۔وہیں مسلم نو جوانوں کی طرف سے جمعرات 30 مئی کو کنوٹ بند کا اعلان کیا گیاہے۔
بتایا جاتاہے کہ وسیم مستری کا کام کیاکرتاتھا اور اسی کام کے سلسلے میں کنوٹ کے دیہات امباڑی گیاتھا کہ وہاں اسے قتل کردیاگیا۔ تادم تحریر اس قتل کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا ۔وہیں غیرمصدقہ اطلاع ہےکہ پولیس نے ایک ملزم اتم برنے کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کررہی ہے۔ جیسے ہی یہ خبر کنوٹ شہر میں آگ کی طرح پھیلی عوام میں غم وغصہ کی لہر دوڑگئی۔
مہلوک کے افراد خانہ نے گوکندہ کے اسپتال سے شیخ وسیم کی نعش لےکر کنوٹ پولیس اسٹیشن پہنچ گئے اور اسٹیشن کے سامنے نعش رکھ کر احتجاج شروع کیا۔۔اس کے باعث شہر کاماحول کشیدہ ہوگیاتھا۔ادھر شہر میں دکانیں ،کاروباری ادارے فوری بند کردئیے گئے۔
پولیس اور مقامی ذمہ دارافراد نے کسی طرح مشتعل ہجوم کو پُرسکون کرایا اس کے بعد نعش کو ایمبولنس کے ذریعے اسپتال روانہ کیا۔تادم تحریر شیخ وسیم کی نعش کاپوسٹ مارٹم نہیں ہواتھا۔ اس واردات کے بعدشام 7 بجے سے کنوٹ شہر پوری طرح سے بند ہے ۔فی الحال شہر کے کچھ علاقوں میں کشیدگی کا ماحول ہے اور پولیس کا سخت بندوبست ہے۔ شہر کی تصاویر دیکھیں ۔


