کلوا میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر لائبریری کا شاندار افتتاح
رتن ٹاٹا کے نام سے ای لائبریری کا قیام کیا جائے گا، جلد تعمیر ہوگا وارکری بھون
تھانے (آفتاب شیخ)
کلوا کے کاویری سیتو پر رکن اسمبلی ڈاکٹر جیتندر آوہاڈ کے نظریے کے تحت تعمیر کی گئی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر عوامی لائبریری اور اسٹڈی ہال کا افتتاح پیر کے روز کیا گیا۔
کلوا میں مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ کے لیے پہلے کسی قسم کی مناسب سہولت میسر نہیں تھی۔ ایک طالبہ کی نشاندہی پر ڈاکٹر جیتندر آوہاڈ نے فوری اقدام کرتے ہوئے اس مسئلے کو حل کیا اور اس جگہ پر ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے نام سے لائبریری قائم کی۔ یہ لائبریری اور اسٹڈی ہال مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ ہے اور یہاں پانچ ہزار سے زائد کتابیں موجود ہیں۔ طلبہ کو UPSC اور MPSC کی تیاری میں مدد فراہم کرنے کے لیے تھانے میونسپل کارپوریشن کے سابق حزب اختلاف کے رہنما ملند پاٹل کی جانب سے مفت کتابیں دستیاب کرائی جائیں گی۔ لائبریری روزانہ صبح چھ بجے سے رات بارہ بجے تک کھلی رہے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جیتندر آوہاڈ نے کہا، ’’کلوا، کھاری گاؤں، وٹاوا اور پارسک نگر جیسے علاقوں کے طلبہ کو مناسب لائبریری نہ ہونے کی وجہ سے تھانے جانا پڑتا تھا، جس سے ان کے وقت کا ضیاع ہو رہا تھا۔ اسی مسئلے کو دیکھتے ہوئے اس لائبریری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ دو منزلہ عمارت ہزاروں کتابوں پر مشتمل ہے جن میں UPSC اور MPSC کے لیے مخصوص کتابیں بھی شامل ہیں۔ جلد ہی یہاں رتن ٹاٹا کے نام سے ایک ای لائبریری بھی قائم کی جائے گی۔‘‘
اس موقع پر سابق حزب اختلاف کے رہنما ملیند پاٹل، پرمیلا کینی، راشٹروادی کانگریس کے ضلعی صدر سہاس دیسائی، کارگزار صدر پرکاش پاٹل، یوتھ صدر وکرم کھامکر، اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
ڈاکٹر جیتندر آوہاڈ نے مزید اعلان کیا کہ مہاراشٹر سنتوں کی سرزمین ہے اور ان کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے کاویری سیتو کے سامنے جلد ہی وارکری بھون تعمیر کیا جائے گا۔ اس بھون میں سنت لٹریچر اور ان کے زندگی کے سفر پر مبنی ایک الگ سیکشن ہوگا، جو مطالعے کے لیے مخصوص کیا جائے گا۔