سری نگر:وادی کشمیر کو بیرون دنیا سے جوڑنے والی سری نگر جموں قومی شاہراہ پر نگروٹہ نامی جگہ پر جمعہ کی علی الصبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی فائرنگ میں ایک مشتبہ جنگجو ہلاک جبکہ جموں وکشمیر پولیس کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا- سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں سے کشمیر کی طرف آرہے ایک ٹرک کو جمعہ کی علی الصبح جب نگروٹہ کے بن ٹول پلازہ کی مقام پر پولیس اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا تو اس میں سوار جنگجوؤں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیس کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا-انہوں نے کہا کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک جنگجو مارا گیا جس کی شناخت کا عمل جاری ہے-
ذرائع نے بتایا کہ ٹرک میں سوار باقی جنگجو جن کی تعداد دو سے تین بتائی جارہی ہے، موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں- انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کردیا ہے- ایک رپورٹ کے مطابق بن ٹول پلازہ کے نزدیک ہی سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم آرائی جاری ہے-
دریں اثنا انتظامیہ نے احتیاطی طور پر سری نگر جموں قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد ورفت روک دی ہے-اس کے علاوہ ادھم پور میں شاہراہ پر واقع تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے- بتا دیں کہ نگروٹہ میں فوج اور جموں وکشمیر پولیس کی اہم تنصیبات واقع ہیں-
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو