ناندیڑ :22ڈسمبر(ورق تازہ نیوز) شہر کے مومن پورہ ہتائی علاقہ سے لاپتہ پانچ کم عمر مسلم بچے دوبارہ اپنے گھروں کولوٹ آئے ہیں۔اتوارہ پولس نے اس بچوں کوتلاش کرنے میں اہم رول ادا کیا۔یہ بچے کل 21ڈسمبر کو اچانک لاپتہ ہوگئے تھے۔ جس کے بعد آج مل گئے۔ لڑکے قدیم شہر کے مومن پورہ سے کل دوپہر غائب ہوگئے تھے۔
اتوارہ پولس اسٹیشن میں انکی گمشدگی کی شکایت درج کروائی گئی تھی ۔ان بچوں میں شہباز شاہ (عمر 10) ‘ عبدالمبین شاہ (عمر 9 سال)‘ شیخ سمیر کوثر (عمر 9 سال) ‘محمد ریحان عبدالغفار (عمر 10سال ) سید زبیر اقبال (عمر 8 سال) شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کل 21 ڈسمبر کو دوپہر دو بجے یہ بچے اچانک گھر سے غائب ہوگئے ۔اس لئے والدین ورشتہ داروں نے انکی تلاش شروع کردی ۔

اتوارہ پولس اسٹیشن میں رات دس بجے گمشدگی کامقدمہ درج کیا گیا ۔ایک ہی وقت میں پانچ بچوں کے لاپتہ ہونے سے قدیم شہر میں ہلچل مچ گئی تھی اورپولس بھی پریشان تھی ۔ پولس نے تفتیش تیز کردی اور انھیں ریلوے اسٹیشن کے سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچے دکھائی دئیے ۔لیکن بچے ٹرین میں سوار ہوئے یانہیں یا پھر سوار ہوئے تو کونسی ٹرین میں گئے اسکی کوئی خبر نہیں تھی ۔اتوارہ پولس نے منماڑ اور حیدر آباد سمت کے تمام دیہاتوں سے ربط قائم کیا ۔ لیکن آج صبح گیارہ بجے پانچوں بچے گھر واپس آگئے ۔ پی آئی نرواڑے نے بتایا کہ یہ بچے ٹرین میں سوار ہوکر پورناچلے گئے تھے اور رات بھر شدید سردی میں وہاں ٹھہرگئے اور صبح میں دوبارہ ناندیڑ جانیوالی ٹرین میں سوار ہوکر واپس اپنے گھر آگئے ۔پولس نے بچوں کے والدین کو پولس اسٹیش طلب کرکے انھیں مناسب ہدایت دینے کے بعدبچے انکے سپرد کئے ۔