کسانوں اور میونسپل مسائل پر کانگریس کا ریاست گیر احتجاج
3 مارچ کو کسانوں کے لیے، 4 مارچ کو میونسپل سیکٹر کے لیے تحریک
ممبئی (آفتاب شیخ)
بی جے پی حکومت کی کسان مخالف پالیسیوں کی وجہ سے مہاراشٹر کے کسانوں کو سنگین مشکلات کا سامنا ہے، اور انہیں اپنی زرعی پیداوار منڈی میں مناسب دام پر بیچنے کا موقع نہیں مل رہا۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے اعلان کیا ہے کہ کسانوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے کانگریس 3 مارچ کو ریاست گیر احتجاج کرے گی۔
تلک بھون میں منعقدہ کانگریس پارٹی کی میٹنگ میں کسانوں سمیت مختلف عوامی مسائل پر غور کیا گیا۔ میٹنگ میں یہ بھی طے کیا گیا کہ ریاست میں بلدیاتی انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے جو عوامی امور تعطل کا شکار ہیں، ان کے خلاف 4 مارچ کو میونسپل کارپوریشنوں کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔
سپکال نے کہا کہ سویابین، چنا، پیاز اور کپاس جیسے زرعی اجناس کے کسانوں کو مناسب قیمت نہیں دی جا رہی، جبکہ مرکزی حکومت نے آسٹریلیا سے تور درآمد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس سے مقامی کسانوں کو شدید مالی نقصان ہوگا۔
ریاست میں گزشتہ تین سال سے میونسپل انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے شہری انتظامیہ مفلوج ہوچکی ہے۔ عوامی نمائندوں کی غیر موجودگی میں حکمران جماعت نے منتخب کارپوریٹروں کی جگہ ٹھیکیداروں کو آگے بڑھا دیا ہے، جس کی وجہ سے ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ اس بے عملی کے خلاف 4 مارچ کو ریاست بھر میں میونسپل دفاتر کے سامنے احتجاج ہوگا۔
اسی دوران، وزیر اعلیٰ کی جانب سے 16 افسران کو ‘فکسرز’ قرار دیتے ہوئے ان کی تقرریاں منسوخ کیے جانے کے معاملے پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ہرش وردھن سپکل نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت وضاحت کرے کہ یہ افسران کون ہیں اور کن وزراء کے دفاتر میں کام کر رہے تھے۔
ریاست میں افسران اور وزراء کی لاپرواہی کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار غیر قانونی ہوٹلوں اور ریزورٹس میں تقاریب منعقد کر رہے ہیں، جبکہ عوام کی شکایات پر کوئی دھیان نہیں دیا جا رہا۔ اس بگڑتی صورتحال کے باعث حال ہی میں ایک نوجوان نے منترالیہ میں خودکشی کی کوشش بھی کی۔
ان احتجاجوں کی قیادت آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری بی ایم سندیپ، کنال چودھری، ریاستی کارگزار صدر نسیم خان سمیت دیگر رہنما کریں گے۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ کانگریس پارٹی کسانوں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر اتر کر تحریک چلائے گی۔