
عالمی ادارہ صحت کے ترجمان نے جمعے کے روز گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر واررننگ جاری کی اور بتایا کہ کرونا وائرس اگر تمام نہیں تو زیادہ تر ممالک میں پھیل سکتا ہے۔
کرونا وائرس تیزی سے بڑھتا جارہا ہے اور اب تک پچاس سے زائد ممالک میں کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ نائیجیریا ابھی تک افریقی ممالک میں واحد ملک ہے جہاں کرونا کا کیس رپورٹ ہوا۔
یاد رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے ناول کرونا وائرس ’COVID2019‘ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک تک پہنچ گیا، اب تک وائرس کی وجہ سے 2800 سے زائد اموات ہوئیں۔
کرونا سے دنیا بھر میں متاثر ہونے والے افراد کی تعداد لگ بھگ 84 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
دنیا کے مختلف ممالک میں کرونا وائرس نے معیشت کا بھٹہ بھی بٹھا دیا۔ دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس مندی کا شکار ہیں جبکہ کئی ممالک میں ایمرجنسی بھی نافذ کی گئی ہے۔ سویٹزر لینڈ نے ملک میں بڑی عوامی تقریبات اور جینیوا کار شو بھی منسوخ کردیا۔
اسی طرح جاپان کے چند شہروں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ دنیا کے تمام ہی ممالک نے چین اور ایران سے فی الوقت رابطے منقطع کردیے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق کرونا وائرس کے رکنے کے امکانات فی الحال نظر نہیں آرہے، نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد یہ چیز واضح ہوگئی کہ چین سے باہر بھی کیسز تیزی سے رپورٹ ہورہے ہیں۔
اس وقت دنیا کے 50 سے زائد ممالک کے لوگوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، چین کے بعد ایران اور اٹلی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا مرکز بنے، ایران میں اب تک 388 کیسز کی تصدیق ہوئی جن میں سے 34 افراد ہلاک ہوئے
یہ ایک سینڈیکیڈیڈ فیڈ ہے. جس میں ادارہ نے کوئی ترمیم نہیں کی ہے. بشکریہ سچ نیوز پاکستان